ٹرانسفر کیس: وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی درخواست خارج کر دی

بانی تحریک انصاف کی دیگر اپیلیں بھی خارج
شائع 24 نومبر 2025 12:33pm

وفاقی آئینی عدالت نے ججز ٹرانسفر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی درخواست سپریم کورٹ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحٰق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ان کی انٹرا کورٹ اپیل کو آئینی عدالت میں منتقل کرنا آئینی طور پر سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی اپیل عدم پیروی کی بنیاد پر مسترد کی جاتی ہے۔

AAJ News Whatsapp

یاد رہے کہ یہ کیس دیگر ہائی کورٹس کے تین ججز کے وفاقی دارالحکومت میں تبادلے سے متعلق تھا اور جون میں سپریم کورٹ نے تبادلے کو غیر آئینی قرار نہیں دیا تھا، جس کے خلاف اسلام آباد کے پانچ ججز نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔

اسی طرح لاہور ہائی کورٹ بار اور بانی تحریک انصاف کی دیگر اپیلیں، طاہر فراز عباسی، کراچی بار ایسوسی ایشن، ریاست علی آزاد اور شعیب شاہین کی انٹرا کورٹ اپیلیں بھی عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی گئی ہیں۔

وفاقی آئینی عدالت نے بانی تحریک انصاف سے ملاقات یا ہدایات حاصل کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے واضح کیا کہ عدالت ایسے آرڈر جاری نہیں کر سکتی اور ملاقات کے لیے رجوع وہیں کریں جہاں سزا ہوئی۔

Supreme Court of Pakistan

intra court appeal

Judge Transfer Case

Islamabad High Court Judges

PTI Founder Meeting Request

Chief Justice Aminuddin Khan