مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کی بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی ویڈیو وائرل
فیصل آباد میں سابق وزیر مملکت اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کی بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
عابد شیر علی نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی اور موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں لے گئے۔ انہوں نے ووٹ ڈالنے کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی۔
ادھر فیصل آباد میں بیلٹ پیپر کی تصویر بنانے والا شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا، مذکورہ شخص نے ووٹ ڈالتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ عابد شیر علی یا لیگی کارکن کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔
ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے مطابق بیلٹ پیپر کی رازداری کو پامال کرنا قانونی طور پر جرم ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے آج پولنگ ہوئی ہے۔ ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
مظفر گڑھ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر بےنظمی کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا۔
جڑانوالا میں این اے 96 اور فیصل آباد کے حلقے پی پی 98 میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی، ووٹرز کی بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی وڈیوز وائرل ہو گئیں۔
الیکشن کمشنر نے عملے کو ووٹر کو موبائل فون اندر نہ لے جانے اور ووٹ کی رازداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔











