زمبابوے کو 69 رنز سے شکست دے کر پاکستان سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا

196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2025 09:54pm

راولپنڈی میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 69 رنز سے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی اور ساتھ ہی قومی ٹیم نے سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم کے 74 اور صاحبزادہ فرحان کے 63 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے جب کہ 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صائم ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 13 رنز بناکر 29 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی، صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 132 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کا اسکور 144 رنز تک پہنچا تو فہیم اشرف 3 رنز بناکر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے جب کہ 163 کے اسکور پر قومی ٹیم کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا، بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور پھر 167 رنز پر محمد نواز بھی 4 رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔

AAJ News Whatsapp

اس کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

زمبابوے کی جانب سے کپتان سکندر رضا 39 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 196رنز کا ہدف دیا۔

زمبابوے کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی اننگز کا آغاز ہی مشکلات سے ہوا جب ابتدائی اوور میں تدیواناشے مارومانی صرف 4 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار ہو گئے۔ اگلے اوور میں محمد وسیم جونیئر نے برائن بینیٹ کو 9 رنز پر بولڈ کر کے مہمان ٹیم کو مزید دباؤ میں ڈال دیا۔

پاور پلے کے اختتام سے قبل فہیم اشرف نے تجربہ کار بیٹر برینڈن ٹیلر کو 8 رنز پر آؤٹ کر کے زمبابوے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

سکندر رضا اور ریان برل نے 34 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی، تاہم نویں اوور میں محمد نواز نے کپتان سکندر رضا کو 23 رنز پر پویلین بھیج دیا، جس کے بعد زمبابوے کا مڈل آرڈر مکمل طور پر ٹوٹ گیا۔

10ویں  اوور میں عثمان طارق نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے پہلے ٹونی منیونگا کو ایک رن پر آؤٹ کیا، پھر اگلی 2 گیندوں پر تشنگا موسیکیوا اور ویلنگٹن مساکاڈزا کو صفر پر چلتا کر کے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

محمد نواز نے بریڈ ایونز کو 2 رنز پر آؤٹ کیا جب کہ عثمان طارق نے اپنا چوتھا شکار ٹنوٹینڈا ماپوسا کو 3 رنز پر بنا کر کیا۔ اننگز کا اختتام اس وقت ہوا جب رچرڈ نگاراوہ رن آؤٹ ہوئے اور زمبابوے کی ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

زمبابوے کی جانب سے ریان برل نے مزاحمت کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 اوورز میں 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد نواز نے 2 اور محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس طرح پاکستان نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 69 رنز کے بڑے مارجن سے پچھاڑ کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ساتھ ہی اس سیریز کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کا ٹاس

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پچ بہترین لگ رہی ہے، اسی لیے انہوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، زمبابوے کو ہلکا لینے کا کوئی ارادہ نہیں، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم نے ایک مکمل اور متوازن پرفارمنس دی تھی، اور کوشش یہی ہے کہ ایسے کھیل کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔

سلمان علی آغا نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ آج اپنی سالگرہ کے دن میدان میں اُتر رہے ہیں، شاید پہلی بار ایسا ہو رہا ہے، مگر ان کا مقصد صرف بہترین کارکردگی دکھانا ہے، چاہے سالگرہ ہو یا نہ ہو۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم کا مقصد ٹورنامنٹ میں ہر بڑی ٹیم کو چیلنج کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف پہلا میچ بہت اچھا گیا تھا، رضا کے مطابق وہ پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے تاکہ اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو سخت چیلنج کے ذریعے پرکھا جا سکے۔

7میچ کے لیے پاکستان نے اپنے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور اسپنر عثمان طارق کو پلیئنگ الیون میں شامل کر لیا گیا جب کہ فاسٹ بولر سلمان مرزا اور اسپنر ابرار احمد کو زمبابوے کے خلاف میچ میں آرام دیا گیا ہے۔

زمبابوے کی پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،گریم کریمر کی جگہ ویلنگٹن مساکادزا کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان اور عثمان خان ٹیم میں شامل ہیں، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، عثمان طارق اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

زمبابوے کی پلیئنگ الیوں

زمبابوے کی ٹیم میں  برائن بینیٹ، تادیواناشے مارومانی، برینڈن ٹیلر (وکٹ کیپر)، رائن برل، سکندر رضا (کپتان)، ٹونی منیوونگا، تشنگا موسی کیوا، بریڈ ایونز، تینوتینڈا میپوسا، رچرڈ نگراوا، ویلنگٹن ماساکادزا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سہہ ملکی سیریز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ  گزشتہ روز  سری لنکا کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

پاکستان اور زمبابوے 22 مرتبہ ٹی20 انٹرنیشنل میں آمنے سامنے آئے، جس میں پاکستان نے 19 میچ جیتے جب کہ زمبابوے کو صرف 3 کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

پاکستان حالیہ ٹی20 سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف فتح اور ٹرائی سیریز میں زمبابوے اور سری لنکا پر مسلسل جیت کے بعد اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہے گا۔

زمبابوے کو سری لنکا پر حالیہ فتح سے حوصلہ ملا ہے تاہم اس سے قبل افغانستان اور پاکستان کے خلاف انہیں شکست کا سامنا رہا۔

TOSS

t20 series

t20 cricket

pakistan vs zimbabwe

Tri nation series