خیبرپختونخوا: 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک، دوغڑا پل پر حملہ ناکام

شرپسندوں نے رات کی تاریکی میں پل کے نیچے تقریباً 8 کلو بارودی مواد رکھ
شائع 22 نومبر 2025 10:40am

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں اور آس پاس کے علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ کارروائیاں کیں، جن میں 3 اہم کمانڈرز سمیت مجموعی طور پر 17 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ آپریشن پشاور اور بنوں کے سنگلاخ پہاڑی علاقوں شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل اور نصر خیل میں اس وقت شروع کیا گیا جب اطلاعات ملیں کہ فتنہ الخوارج کے مسلح جتھے وہاں موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق لکی مروت پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا، جس میں 10 دہشتگرد مارے گئے، 5 زخمی ہوئے جبکہ ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

سات دہشتگردوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے تین لاشیں نکالی نہ جا سکیں۔

ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے دو اہم کمانڈر نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی بھی شامل ہیں جو پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔

نصر خیل میں لکی مروت پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کر دیا۔
ہوید کے علاقے میں بھی پولیس اور امن کمیٹیوں کی دہشتگردوں سے جھڑپ ہوئی۔

ڈومیل میں خوارج نے پولیس کی اے پی سی پر فائرنگ کر دی لیکن پولیس جوانوں نے بھرپور مقابلہ کیا۔ اس آٹھ گھنٹے کے طویل آپریشن میں 6 دہشتگرد مارے گئے اور درجنوں زخمی ہوئے۔

اسی کارروائی میں بدنام زمانہ دہشتگرد کمانڈر رسول عرف کمانڈر اَریانہ اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا، جس سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی دھرتی کو دہشتگردی کے فتنے سے پاک کیا جائے گا اور دہشتگردوں کا ان کی خفیہ پناہ گاہوں تک پیچھا جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز نہیں رکیں گے۔

دوغڑا پل پر دھماکے کی کوشش ناکام

دوسری جانب بنوں-پشاور روڈ پر دوغڑا پل کو ایک بار پھر اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

شرپسندوں نے رات کی تاریکی میں پل کے نیچے تقریباً 8 کلو بارودی مواد رکھا، تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکارہ بنا دیا۔

چند روز قبل اسی پل پر آئی ای ڈی نصب کرتے ہوئے ہونے والے دھماکے میں ایک شرپسند موقع پر ہلاک ہو گیا تھا۔

pakistan security forces operation

KPK operation Bannu

Bannu police CTD operation

Khyber Pakhtunkhwa anti terror operation

Bannu terrorists killed

Dou Ghoda bridge bomb attempt

Extremist commanders killed in KP