انٹرویو کے لیے بھاری فیس کے الزامات، عاطف اسلم کا مؤقف آگیا

انہوں نے بہت کم عمری میں وہ کچھ حاصل کیا جس کے لیے لوگ پوری زندگی محنت کرتے ہیں۔
اپ ڈیٹ 22 نومبر 2025 12:52pm

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے خود پر انٹرویوز کے لیے بھاری معاوضہ طلب کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

عاطف اسلم کئی دہائیوں سے موسیقی کی دنیا پر راج کررہے ہیں۔ وہ اپنی خاص آواز اور گہرے احساس والے گانوں کے ذریعے لاکھوں دلوں کو چھو چکے ہیں۔ لیکن یہی چمک دار شہرت کبھی کبھی ایک سائے کی مانند ناپسندیدہ سوالات اور تنقید کی شکل میں پیچھا کرتی رہتی ہے۔ عاطف اسلم بھی کچھ اسی طرح کی کیفت سے گذر رہے ہیں۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے ملیحہ رحمان کے یوٹیوب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار اس تاثر پر کھل کر بات کی کہ وہ انٹرویوز میں آنے کے لیے مبینہ طور پر بھاری رقم وصول کرتے ہیں۔

گلوکار نے بڑے صاف لفظوں میں کہا، ’میں جانتا ہوں کہ مجھے ہر شو میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں۔ اگر کوئی کہتا ہے کہ میں بھاری رقم مانگتا ہوں، تو اس کا مطلب ہے کہ وہ مجھے اپنے شو میں بلانا چاہتا ہے اور شاید دنیا کو بھی یہ بتانا چاہتا ہے۔ اللہ نے مجھے بہت عزت دی ہے۔ کبھی مصروفیات کی وجہ سے نہیں جا پاتا، مگر پھر بھی طرح طرح کی باتیں سننی پڑتی ہیں۔ میں اس پر معذرت خواہ نہیں ہوں۔‘

انہوں نے اس رویے پر بھی روشنی ڈالی جو کچھ میزبان انٹرویو مکمل ہونے کے بعد اپناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، ’میں نےاس انڈسٹری میں ایک طویل عرصہ گزارا ہے اور میں اندر تک سب کو جانتا ہوں۔ میں نے لوگوں کے رویے بدلتے دیکھے ہیں۔ وہ اچھے صرف تب تک ہوتے ہیں جب تک ان کا شو مکمل نہ ہو جائے۔ اسے ہر بار تکبر کا نام نہیں دیا جا سکتا اور تکبر انسان پر جچتا بھی نہیں۔‘

عاطف اسلم نے اپنی شہرت اور کامیابی کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہت کم عمری میں وہ کچھ حاصل کیا جس کے لیے لوگ پوری زندگی محنت کرتے ہیں۔ ’ میں نے 18 سال کی عمر میں دنیا جیتنا سیکھ لیا تھا اور میں نے جیت بھی لیا۔ اُس وقت خواہشات مختلف ہوتی ہیں۔ بڑے شہروں میں پرفارمنس، ریکارڈ سیل، شہرت مجھے یہ سب ملا۔ لیکن پھر ایک وقت آتا ہے جب لگتا ہے کہ یہ سب کافی نہیں۔ انسان میں آگے بڑھنے کی بھوک رہتی ہے، مگر مقصد صرف دوڑ میں رہنا نہیں بلکہ اپنی کامیابی سے لطف اندوز ہونا بھی ہوتا ہے۔’

AAJ News Whatsapp

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مزاح نگار تابش ہاشمی بھی پہلے ایک پوڈکاسٹ میں بتا چکے ہیں کہ کچھ افراد نے انٹرویو کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا مطالبہ کیا۔

اسی طرح ندا یاسر نے بھی اپنے شو میں عاطف اسلم سے کہا تھا کہ وہ ٹی وی پر آنے کا معاوضہ کم رکھیں اور کبھی ان کے مارننگ شو میں بھی خصوصی شرکت کریں۔ دونوں نے عاطف کو ایک مشترکہ پروڈکشن میں مدعو کرنے کا منصوبہ بھی تجویز کیا تھا۔

Pakistani Singer

Atif Aslam

stardom.

Heavy Amount for Interviews