بھارتی طیارہ ’تیجس‘ تباہ کیوں ہوا؟ وجہ سامنے آگئی

یہ واقعہ بھارت کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے کیونکہ یہ دو سال میں دوسرا تیجس تھا جو تباہ ہوا۔
شائع 22 نومبر 2025 10:11am

دبئی ایئر شو میں جمعہ کی دوپہر 2 بج کر 8 منٹ پر بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ”تیجس“ فضائی کرتب دکھا رہا تھا۔ تماشائی تالیاں بجا رہے تھے کہ اچانک اگلے ہی لمحے طیارہ توازن کھو بیٹھا، سیدھا نیچے کی طرف جھکا اور زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا، جس کی تصدیق بھارتی فضائیہ نے کر دی ہے۔

یہ واقعہ بھارت کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے کیونکہ یہ دو سال میں دوسرا تیجس تھا جو تباہ ہوا۔

حادثے کے بعد ایک ہی سوال سب پوچھ رہے تھے: آخر تیجس کریش کیسے ہوا؟

ماہرین نے طیارے کے آخری لمحوں کا جائزہ لے کر بتایا کہ بھارتی پائلٹ ”بیریل رول“ نامی کرتب کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس میں طیارہ ایک سمت جھک کر الٹا ہوتا ہے، پھر دوبارہ سیدھا ہو کر مکمل دائرہ مکمل کرتا ہے۔ یہ کرتب عام طور پر زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتا، مگر اس دوران چند لمحوں کے لیے پائلٹ مکمل طور پر الٹا ہوتا ہے۔

’گھوڑوں کی دوڑ میں گدھوں کو دوڑانے کا نتیجہ‘، بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کے گرنے پر دلچسپ تبصرے

جمعے کو تیجس ایک فضائی موڑ لینے کی کوشش میں پہلے اوپر اٹھا، پھر الٹا ہوا اور پھر دوبارہ نیچے آنے لگا۔ اصل منصوبہ یہ تھا کہ طیارہ دوبارہ اوپر اٹھے… لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

ماہرین کی رائے ہے کہ طیارہ زمین کے بہت قریب آ چکا تھا اور دوبارہ اوپر اٹھنے کے لیے درکار رفتار بھی نہیں تھی۔ یہی وجہ اسے انتہائی تیزی سے نیچے لے آئی اور وہ ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔

بعض ماہرین نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ شاید طیارے کے انجن نے آخری لمحے میں کام کرنا چھوڑ دیا ہو، یعنی ”فلیم آؤٹ“ ہوگیا ہو، جس سے پائلٹ کے پاس بچنے کا وقت نہیں رہا۔

دبئی ایئر شو: بھارتی ’تیجس‘ لڑاکا طیارے سے متعلق 5 حقائق

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک روز قبل بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا پر وائرل دعوؤں کو جھوٹ قرار دیا تھا کہ دبئی میں تیجس ایم کے ون کا آئل لیک ہو رہا تھا۔

تاہم، دیگر ماہرین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایک لڑاکا طیارہ جس میں ایلٹی ٹیوڈ سینسرز ہوتے ہیں انہوں نے وارننگ کیوں نہیں دی، پائلٹ نے ایجیکٹ کیوں نہیں کیا، طیارہ واپس اٹھنے میں ناکام کیوں رہا؟

تیجس بھارت کا پہلا ملکی ساختہ لڑاکا طیارہ ہے، جسے بنگلور کی ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ (HAL) نے تیار کیا ہے۔ البتہ اس کے انجن امریکا کی جنرل الیکٹرک کمپنی کے تیار کردہ ہیں۔

بھارتی فضائیہ اس وقت تیجس پر بھاری انحصار کر رہی ہے کیونکہ اس نے اپنے تمام مِگ-21 طیارے ریٹائر کر دیے ہیں اور اس کی اسکواڈرن کی تعداد تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہے۔

بھارتی فضائیہ نے حادثے کی اصل وجہ بتانے سے ابھی تک گریز کیا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

Indian Air Force

Indian Fighter Jet Crash

Tejas crash Dubai

IAF Tejas accident

Dubai Airshow Tejas crash

Tejas barrel roll crash

HAL Tejas LCA

GE engine Tejas

Tejas Mk1

MiG 21 replacement India