’گھوڑوں کی دوڑ میں گدھوں کو دوڑانے کا نتیجہ‘، بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کے گرنے پر دلچسپ تبصرے
دبئی ایئر شو 2025 کے آخری روز جمعے کو بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ’تیجس‘ فضائی کرتب کے مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوا جس کے بعد بھارت کو دنیا بھر میں سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی بھی تصدیق کردی گئی ہے۔
ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی ائیر شو کے دوران طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ہو، اور قابل غور بات یہ ہے کہ جس طیارے پر بھارت کو بہت زیادہ فخر تھا وہ دبئی میں ہونے والے انیسویں ائیر شو کے آخری دن پر حادثے کا شکار ہوگیا۔
چند روز قبل ہی دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں تیجس طیارے کے فیول ٹینک سے آئل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا۔
تاہم اب اس واقعے کے رونما ہونے کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر مختلف قسم کے تبصرے کیے جا رہے ہیں وہیں بھارتی فضائیہ کے پائلٹس کی تجربہ کاری اور صلاحیتوں پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے صحافی آدتیا راج کول نے تیجس طیارہ حادثے کی ویڈیو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ، “ بھارت کے تیجس طیارے کے دبئی ایئر شو میں گر کر تباہ ہونے کی خبر انتہائی المناک ہے۔ پائلٹ کے طیارے سے نکلنے کی کوئی علامت نظر نہیں آئی۔“
اس حوالے سے شیو آروز نامی بھارتی صحافی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ، “ آئی اے ایف نے تصدیق کی کہ تیجس کا پائلٹ باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، اور طیارے کے ساتھ جاگرا۔“
ایک اور معروف بھارتی صحافی برکھا دت نے بھی اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر تیجس طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ، ”دبئی ایئر شو میں تیجس جیٹ گر کر تباہ - مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔“
تیجس طیارہ حادثے پر دیگر سوشل میڈیا صارفین کے مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں جس پر بھارتی فضائیہ کے طیاروں پر طنز و مزاح کے تبصرے کیے گئے ہیں اور کئی بھارتی صارفین تو آگ بگولہ بھی ہوئے ہیں۔
ایک ایکس صارف نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی طیارہ گرنے کا اشارہ کرتے ہوئے ایک تصویر شئیر کی جو انہوں نے ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے خلاف میچ میں وکٹ لینے کے بعد کیا تھا۔ تاہم اب اس تصویر کو شئیر کر کے خاتون صارف نے تیجس کی طرف اشارہ کیا ہے۔
ایک بھارتی سوشل میڈیا صارف نے تیجس کی تباہی پر بھارتی فضائیہ کو ہی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، “ یہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کی توہین ہے۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ جہاں تک امریکی کانگریس کی رپورٹ کا تعلق ہے جس میں پاکستان کی جیت کو نمایاں کیا گیا ہے، مودی کو خود بھی استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
ایک اور صارف نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ، ”گھوڑوں کی دوڑ میں گدھوں کو دوڑانے کا نتیجہ۔“
ایک ایکس صارف نے پاکستان کے لڑاکا طیارے جے ایف- 17 کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ پاکستانی اور بھارتی لڑاکا طیارہ ایک ہی فریم میں۔ تصویر میں تیجس حادثے کے بعد دھواں نکلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
وہیں ایک سوشل میڈیا صارف نے “تیجس کو قصوروار نہ ٹھہرائیں، اُس نے تو بس اپنی فطری جبلت پر عمل کیا ہے، جلد از جلد مادرِ زمین کی آغوش میں واپس آ جانا۔
تیجسوی پرکاش نامی بھارتی صارف نے بھارتی فضائیہ کے بھارتی چیف کو آڑے ہاتھوں لیا۔ صارف نے دو ویڈیوز شئیر کی جس میں سے ایک ویڈیو میں تیجس طیارے کے تباہی کے مناظر ہیں جبکہ دوسری ویڈیو میں بھارتی ائیر چیف کو بالی ووڈ کے گانوں پر رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔
صارف نے پوسٹ میں لکھا کہ، “ تیجس کا حادثہ ایک تکلیف دہ انتباہ ہے۔ جب ہمارے ایئر چیف نظم و ضبط، تربیت اور تکنیکی تیاری پر توجہ دینے کے بجائے زیادہ تر ڈانس کلپس اور بالی ووڈ طرز کے لمحات میں نظر آئے، تو صاف ظاہر ہے کہ قیادت کی سطح پر کچھ بہت غلط ہو رہا ہے۔









