ہربھجن نے بھارت کی ’پاکستان کے ساتھ نو ہینڈ شیک‘ پالیسی ٹھکرا دی
سابق بھارتی کرکٹر اور اسپنر ہربھجن سنگھ نے ابوظہبی ٹین لیگ کے دوران پاکستان کے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کے ساتھ ہاتھ ملایا، جو کرکٹ کے میدان میں ایک چھوٹے مگر معنی خیز عمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسٹالینز کی قیادت کرنے والے ہر بھجن نے یہ خوشگوار ملاقات اپنے میچ کے دوران نارتھرن واریئرز کے خلاف کی۔ یہ موقع اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ ٹورنامنٹس میں کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ نہیں ملارہے تھے، خاص طور پر مینز ایشیا کپ اور ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے موقعوں پر ، جس کی وجہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ ہے۔
ہربھجن اور کئی سینئر بھارتی کھلاڑیوں نے عالمی سطح کے دیگر ایونٹس، جیسے ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز، میں بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے سے اجتناب کیا تھا، جس کے پیشِ نظر یہ دوستانہ جھلک خاص اہمیت رکھتی ہے۔ میچ کے تناظر میں نارتھرن واریئرز نے اسپیئن اسٹالینز کو محض چار رنز سے شکست دی۔ واریئرز نے 10 اوورز میں 114 رنز کا ہدف مقرر کیا، جبکہ اسٹالینز صرف 110 رنز بنا سکے۔ کھیل کے اس تنگ مقابلے کے باوجود ہر بھجن کا شاہنواز دہانی کے ساتھ دوستانہ رویہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک مثبت پیغام تھا۔
اس موقع پر ہربھجن سنگھ نے کرکٹ کے موجودہ حالات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض میچوں میں، خاص طور پر ایڈن گارڈنز جیسے وینیوز پر بنائی جانے والی بولرز کے لیے سازگار پچیں، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے حقیقی فروغ میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ بھارت کا جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ، جس میں وہ 30 رنز سے شکست کھا گیا، اس بات کی مثال ہے۔
ہربھجن نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا، ”ٹیسٹ کرکٹ کو مکمل طور پر نقصان پہنچایا گیا ہے۔ یہ مسئلہ آج کل کا نہیں بلکہ کئی سالوں سے چل رہا ہے۔“ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پچ بنانے سے کھلاڑی صرف مخصوص حالات میں اچھا کھیل سیکھتے ہیں، جبکہ مجموعی مہارت کی ترقی رک جاتی ہے۔
















