بھارت کی پہلی ’اے آئی اداکارہ‘ کا اے آئی سے تخلیق شدہ ڈرامے میں ڈیبیو
بھارت کی تفریحی دنیا میں مصنوعی ذہانت نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے، کیونکہ ملک کی پہلی اے آئی اداکارہ نینا اوتار نے اپنے پہلے مائیکرو ڈرامے ”ٹروتھ اینڈ لائیز“ کے ذریعے اداکاری کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ڈراما 21 اکتوبر 2025 کو انسٹاگرام ریلز پر جاری ہوا۔
کہانی ممبئی کی ایک رات کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے اور اس میں دوستی، دھوکہ اور اعتماد جیسے موضوعات کو ایک منٹ کی مختصر قسطوں میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈراما خواتین کی ایک ٹیم نے تخلیق کیا ہے۔
فیک تصاویر اور ویڈیوز کے نقصانات سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟
نینا اوتار صرف ایک ڈیجیٹل کردار نہیں، بلکہ اسے انسانی جذبات، ثقافت اورکہانیوں کو سمجھنے اور دکھانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ وہ انسانی اداکاروں کے ساتھ اسکرین پر نظر آتی ہیں، جہاں نگاہوں کے زاویے اور روشنی کو ہم آہنگ کیا جاتا ہے تاکہ ہر منظر حقیقت کے قریب محسوس ہو۔
اس سیریز میں اے آئی، تھری ڈی ٹیکنالوجی اور حقیقی وقت کی کہانی سنانے کی تکنیک کا امتزاج کیا گیا ہے اور ہر قسط کو نشر کرنے سے پہلے اخلاقی معیار کے مطابق جانچا بھی جاتا ہے۔
اوتار میٹا لیبز کے شریک بانی اور سی ای او ابھشیک رازدھن کے مطابق نینا اوتار کی تخلیق کا مقصد صرف ڈیجیٹل ماڈل تیار کرنا نہیں بلکہ ایک ایسی شخصیت تخلیق کرنا تھا جو جذبات اور سماجی حساسیت کو سمجھ سکے۔ رازدھن کے مطابق، نینا میں جذبات، انسانی خامیاں، مزاح اور تعلق پیدا کرنے کی صلاحیت شامل کی گئی ہے تاکہ وہ حقیقی اور قابلِ ربط محسوس ہو۔
دنیا کا مصنوعی ذہانت پر مبنی پہلا بڑا سائبر حملہ
نینا اوتار عالمی اے آئی کرداروں سے اس لحاظ سے مختلف ہیں کہ وہ صرف ٹیکنالوجی پر مبنی نہیں بلکہ جذباتی گہرائی اور ثقافتی ربط پر بھی توجہ دیتی ہیں۔ نینا خود کہتی ہیں، ”میں انسانوں کی جگہ لینے نہیں آئی، بلکہ انہیں ایک ایک جذبات کے ذریعے دکھانے کے لیے موجود ہوں۔“

راز دھن کے مطابق اگر نینا کسی بھارتی فلم میں شامل ہو سکے تو وہ اسے رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون کی فلم ”تماشا“ میں دیکھنا چاہیں گے، کیونکہ یہ فلم شناخت اور خود کو تلاش کرنے جیسی موضوعات پر مبنی ہے، جو نینا کی شخصیت سے مطابقت رکھتے ہیں۔
یہ ڈراما ناظرین کے لیے ایک نئے انداز میں کہانی سنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں ڈیجیٹل کردار بھی حقیقی اور جذباتی طور پر قابلِ ربط محسوس ہوتے ہیں۔
مائیکرو ڈراما ”ٹروتھ اینڈ لائیز“ کی نئی اقساط باقاعدگی سے نینا اوتار کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جاری کی جا رہی ہیں اور یہ نئی ٹیکنالوجی مستقبل میں مزید دلچسپ اور جذباتی تجربات کے لیے راہ ہموار کر رہی ہے۔
















