اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس پر فائرنگ

اقوامِ متحدہ کی لبنان میں عبوری فورس نے اس واقعے کو سیکیورٹی کونسل کے قرارداد نمبر 1701 کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے
شائع 16 نومبر 2025 08:01pm

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اتوار کو اقوام متحدہ کی امن فورس پر فائرنگ کی ہے جسے اقوام متحدہ کی امن فوجی مشن نے سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اقوام متحدہ کے کسی بھی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق، فوجیوں نے ابتدا میں اسرائیل کی سرحد کے قریب ایلمحمّس علاقے میں دو مشتبہ افراد پر فائرنگ کی، بعدازاں معلوم ہوا کہ وہ دراصل اقوام متحدہ کے امن فورس کے اہلکار ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ موسم کی خراب صورتحال کے باعث یو این امن فورس کی شناخت میں غلطی ہوئی ہے اور اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی لبنان میں عبوری فورس نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے لبنانی علاقے میں تعینات مرکاوا ٹینک سے فائرنگ کی، جبکہ امن فوجی پیدل سفر پر تھے۔ بھاری مشین گن کی فائرنگ امن فورس سے صرف پانچ میٹر کے فاصلے پر گرنے سے وہ حفاظتی پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔

AAJ News Whatsapp

عبوری فورس کے مطابق امن فوجیوں نے اسرائیلی فوج سے سرکاری چینلز کے ذریعے رابطہ کیا، جس کے بعد اسرائیلی ٹینک واپس چلا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی لبنان میں عبوری فورس نے اس واقعے کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے قرارداد نمبر 1701 کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں صرف اقوام متحدہ کے امن فوجی اور لبنانی فوج کی تعیناتی کی اجازت ہے۔

لبنانی فوج نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کی سرحدی خلاف ورزیاں ملک میں عدم استحکام پیدا کر رہی ہیں اور جنوبی لبنان میں اپنی فورسز کی تعیناتی میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

لبنانی فوج کے مطابق اسرائیلی فوج لبنان میں پانچ چوکیوں پر قابض ہے اور اکثر جنوبی لبنان میں ہوائی حملے کرتی ہے، جن کا ہدف ایران کے حمایت یافتہ عسکری گروہ حزب اللہ بتایا جاتا ہے۔

Israeli Forces

no injuries reported

UN peacekeepers in Lebanon

open fires