سردیوں میں ایڑھیوں کا پھٹنا جسم میں کس چیز کی کمی کا اشارہ ہے؟
ایڑیاں پھٹنا سردیوں میں ایک عام مسئلہ ہے، لیکن بعض اوقات یہ گرمیوں میں بھی لوگوں کو پریشان کرتا ہے۔ بڑے اور گہرے کٹ چلنے پھرنے میں دشواری پیدا کرتے ہیں اور بعض اوقات خون بھی آ سکتا ہے، جس سے درد بڑھ جاتا ہے۔
ایڑیوں کی جلد جسم کے دیگر حصوں کی نسبت زیادہ موٹی ہوتی ہے، لیکن اگر جلد خشک ہو جائے یا جسم میں پانی کی کمی ہو، یا قدرتی تیل کی مقدار کم ہو تو ایڑیوں پر لکیریں پڑنے لگتی ہیں۔
جلن، خارش اور سرخی: فضائی آلودگی میں آنکھیں کیوں زیادہ متاثر ہوتی ہیں؟
کچھ بیماریوں جیسے ہارمونل تبدیلیاں، تھائی رائیڈ کے مسائل، سوزائسس اور ذیابیطس بھی ایڑیوں کے پھٹنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف جلد کی خشکی نہیں، بلکہ صحت کے کچھ اہم اشارے بھی دیتا ہے۔
ایڑیوں کی خشکی اور پھٹنے میں وٹامنز اور معدنیات کی کمی اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے اس مسئلے سے بچاؤ اور اسے کم کرنے کے لیے غذائیت کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔ مناسب وٹامن اور معدنیات کے ساتھ، جلد کی نمی اور لچک برقرار رہتی ہے، جس سے ایڑیوں میں دراڑیں پڑنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
وٹامن ای
وٹامن ای جلد کے خلیات میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے جلد نرم اور لچکدار رہتی ہے۔ اگر جسم میں وٹامن ای کی کمی ہو تو جلد خشک، بے جان اور غیر لچکدار ہو جاتی ہے، جس سے ایڑیوں میں دراڑیں پڑنے لگتی ہیں۔ اس وٹامن کے لیے بادام، مونگ پھلی کا مکھن، سورج مکھی کے بیج اور ایووکاڈو استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
وٹامن سی
وٹامن سی جلد میں کولیجن کی پیداوار کے لیے ضروری ہے، جو جلد کو صحت مند اور نرم رکھتا ہے۔ وٹامن سی کی کمی سے نئی جلد کے خلیات نہیں بن پاتے، جس کے نتیجے میں ایڑیوں میں گہرے کٹ پڑ جاتے ہیں اور درد پیدا ہوتا ہے۔ اس وٹامن کے لیے آملہ، لیموں، سنگترہ، ٹماٹر اور بروکلی بہترین غذائی ذرائع ہیں۔
وٹامن بی (بی3اور بی7)
وٹامن بی3اور بی7 جلد کی مضبوطی اور لچک کے لیے اہم ہیں۔ ان کی کمی سے جلد پتلی، کمزور اور نازک ہو جاتی ہے، جس سے ایڑیاں پھٹنے لگتی ہیں۔ اس کے ساتھ خارش اور جلن جیسی علامات بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔ وٹامن بی کے لیے کیلا، انڈے، اوٹس اور مونگ پھلی مفید ہیں۔
خبردار! یہ صرف سر درد نہیں؛ مائیگرین دنیا کی دوسری سب سے بڑی معذور کرنے والی بیماری قرار
زنک
زنک جلن اور زخم بھرنے میں مدد دیتا ہے اور جلد کی صحت برقرار رکھتا ہے۔ زنک کی کمی سے جلد خشک اور کمزور ہو جاتی ہے، جس سے ایڑیاں پھٹ سکتی ہیں اور دراڑیں دیر سے بھرتی ہیں۔ زنک کے لیے کاجو، چنے اور کدو کے بیج بہترین ہیں۔
او میگا-3 فیٹی ایسڈ
او میگا-3 فیٹی ایسڈ جلد کے قدرتی تیل کی سطح کو متوازن رکھتا ہے۔ اگر اس کی کمی ہو جائے تو جلد خشک ہو جاتی ہے اور ایڑیوں میں کٹ پڑتا ہے۔ او میگا-3 کے لیے السی کے بیج، اخروٹ اور رائی کا تیل استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
مزید براں، ایڑیوں کو نرم رکھنے کے لیے موئسچرائزنگ کریم لگائیں، روزانہ نیم گرم پانی میں پاؤں بھگو کر ہلکے ہاتھوں سے جلد صاف کریں اور آرام دہ جوتے پہنیں۔
ایڑیاں پھٹنا صرف جمالیاتی مسئلہ نہیں، بلکہ یہ جسم میں وٹامن اور معدنیات کی کمی کی نشاندہی بھی کر سکتا ہے۔ مناسب غذائیت اور جلد کی دیکھ بھال سے اس مسئلے کو کافی حد تک روکا جا سکتا ہے۔
















