بھارتی کھلاڑیوں کا تضحیک آمیز انداز: ٹیمبا باووما کو ’بونا‘ کہہ دیا، گالیاں بھی دیں، ریکارڈ آڈیو وائرل
بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کولکتہ ٹیسٹ کے پہلے دن بھارتی کھلاڑیوں کا تضحیک آمیز انداز سامنے آیا ہے، جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کو بونا کہہ دیا اور گالیاں بھی دیں جب کہ اسٹمپ مائیک میں ریکارڈ آڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما سے متعلق انتہائی نامناسب تبصرے پر مشکل میں پھنس گئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما بھارتی بولر جسپریت بمراہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو کی اپیل کا سامنا کر رہے تھے،گیند باووما کے پیڈ پر لگی اور جسپریت بمراہ نے پرزور اپیل کی لیکن امپائر نے اسے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔
فیصلے کے بعد بمراہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی ڈی آر ایس لینے یا نہ لینے پر بات کر رہے تھے کہ اسی دوران اسٹمپ مائیک پر بمراہ کی آواز ریکارڈ ہوئی جس میں وہ مبینہ طور پر باووما کے قد پر طنز کرتے ہوئے یہ کہتے سنائی دیے کہ ’بونا بھی ہے‘، ساتھ ہی انہوں نے گالی بھی دی۔
اسی گفتگو میں وکٹ کیپر رشبھ پنت کی بھی یہی بات دہراتے ہوئے آواز ریکارڈ ہوئی، جس نے سوشل میڈیا پر بحث کو مزید ہوا دی۔
چند ہی منٹ میں یہ کلپ مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور کرکٹ شائقین کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔
بھارتی کرکٹر نے نامناسب اور نازیبا الفاظ استعمال کیے جو آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے تحت آرٹیکل 2.1.4 کے زمرے میں آسکتا ہے۔
آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.1.4 کی خلاف ورزی لیول 1 کا جرم ہے، جس میں کھلاڑی کو سرزنش، میچ فیس کا جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاسکتے ہیں۔
اگر بمراہ قصوروار ثابت ہوئے تو انہیں سخت سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، آرٹیکل کے مطابق لیول 2 خلاف ورزی کی صورت میں کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 سے 100 فیصد تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے اور اس کے ساتھ 2 میچوں کے لیے معطل بھی کیا جاسکتاہے۔
تاہم معاملے کا حتمی فیصلہ مکمل طور پر میچ ریفری کی تشریح پر منحصر ہے، اگر آفیشلز یہ تسلیم کر لیں کہ بمراہ کا تبصرہ باووما کے قدر کے بجائے گیند کی اونچائی کے تناظر میں کیا گیا تھا نہ کہ ذاتی توہین کے طور پر تو انہیں ممکنہ طور پر ریلیف مل سکتا ہے۔
یاد رہے کہ جسپریت بمراہ کو حال ہی میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا جاچکا ہے۔
اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے اندر چار یا اس سے زیادہ ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچ جاتا ہے، تو وہ معطلی پوائنٹس میں تبدیل ہو جاتے ہیں جس کے نیتجے میں ایک ٹیسٹ میچ یا دو ون ڈے/ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔














