ہُنرمند افراد کے لیے خوشخبری: عمان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا
عمان نے ایک نئی ثقافتی ویزا کیٹیگری متعارف کروائی ہے جو غیر ملکی فنکاروں، محققین اور تخلیقی افراد کو ملک میں 10 سال تک قیام کی اجازت دے گی، جس سے عمان کے داخلہ پرمٹ اور ثقافتی پالیسی فریم ورک میں نمایاں توسیع ہوتی ہے۔
یہ ثقافتی ویزا عمان کی جانب سے بین الاقوامی ثقافتی تبادلے، تحقیقی تعاون اور فنی و علمی تقریبات میں شرکت کو فروغ دینے کے مقصد سے متعارف کروایا گیا ہے۔
عمان پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق ویزا متعلقہ حکام کی درخواست پر جاری کیا جاتا ہے جو غیر ملکی شرکاء کی میزبانی کے ذمہ دار ہیں، جن میں وزارتِ ثقافت، کھیل اور نوجوان، تعلیمی ادارے اور ثقافتی مراکز شامل ہیں۔
ویزا کن افراد کو دیا جائے گا؟
یہ ویزا ان غیر ملکیوں کے لیے ہے جو عمان میں ثقافتی مقاصد کے لیے آ رہے ہیں:
1۔ ثقافتی تبادلے یا فنون کی تربیت کے لیے عارضی رہائش
2۔ ثقافت، فنون اور ورثے میں علمی یا تحقیقی تعاون
3۔ ادبی، فکری یا ثقافتی کانفرنسوں اور میلوں میں شرکت
4۔ ثقافتی اور فنی تقریبات یا نمائشوں میں شرکت یا ان کا انعقاد
ایک خاص شق کے تحت، مرکزی درخواست دہندہ کے شریک حیات یا پہلے درجے کے رشتہ داروں کے لیے ثقافتی شمولیتی ویزا بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔
ویزا کی مدت اور فیس
ثقافتی ویزا درج ذیل مدت کے لیے جاری کیا جا سکتا ہے:
1 سال کے لیے 50 عمانی ریال
5 سال کے لیے 50 عمانی ریال (فی سال)
10 سال کے لیے 50 عمانی ریال (فی سال)
درخواست دہندگان کو ویزا جاری ہونے کے تین ماہ کے اندر استعمال کرنا ہوگا، بصورت دیگر یہ غیر مؤثر سمجھا جائے گا۔
ویزے کی اہمیت
حکام نے ویزے کے تعارف کے پیچھے کئی قومی مقاصد اجاگر کیے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
1۔ ماہرین، محققین اور تخلیق کاروں کی آمد میں آسانی اور علم و تجربے کے تبادلے کو فروغ دینا
2۔ ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے غیر ملکیوں کے قانونی ضابطے کو مضبوط کرنا
3۔ ثقافتی سیاحت کو قومی معیشت میں حصہ دار بنانا
4۔ عمان کی ثقافتی کھلے پن اور بین الاقوامی علمی تعلقات کو فروغ دینا
5۔ سلطنت میں ثقافتی اور فنی تقریبات میں غیر ملکی شمولیت کو حوصلہ دینا
اسٹریٹیجک ثقافتی اہداف
یہ اقدام عمان کی سال 2040 کی وسیع ثقافتی حکمت عملی کے لیے براہ راست معاون ہے، جس کا مقصد ایک کھلی اور عالمی طور پر منسلک علمی معاشرہ قائم کرنا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ثقافتی ویزا اسکیم کے تحت ویزا کی توسیع دیگر ویزا کیٹیگریز پر لاگو نہیں ہوتی جو غیر ملکیوں کی رہائش کے قانون کے ایگزیکٹو ریگولیشنز میں شامل ہیں۔
















