دھرمیندر اور دیول خاندان کی خفیہ ویڈیو بنانے والا گرفتار

اداکار گزشتہ ہفتے شدید طبی مسائل کے باعث اسپتال میں داخل رہے ہیں۔
اپ ڈیٹ 14 نومبر 2025 12:04pm

بالی وُڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کی اسپتال سے نجی ویڈیو لیک کرنے والے اسپتال کے ملازم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

گزشتہ ایک ہفتہ بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار دھرمیندر اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے نہایت مشکل ثابت ہوا۔ 89 سالہ دھرمیندر کی طبیعت اچانک بگڑنے پر انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

ابتدائی طور پر وہ معمول کی طبی جانچ کے لیے اسپتال گئے تھے، لیکن رپورٹوں کے مطابق معائنے کے دوران ان کی طبیعت میں بگاڑ پیدا ہوا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں چند دن زیرِ نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ان کی موت سے متعلق جھوٹی خبریں بھی گردش کرتی رہیں، جس نے مداحوں میں مزید بے چینی پیدا کر دی۔

ان افواہوں کی حقیقت اس وقت سامنے آئی جب 11 نومبر کی صبح ان کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشا دیول نے باضابطہ بیانات جاری کیے، جن میں بتایا گیا کہ دھرمیندر زندہ ہیں اور صحت یابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ بعد ازاں 12 نومبر کو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔خوش قسمتی سے اب دھرمیندر کو ڈسچارج کر کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ صحت یابی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

’اب سب اوپر والے کے ہاتھ میں ہے‘، دھرمیندر کی اہلیہ کا تشویش ناک بیان

اسی دوران ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے دھرمیندر کے خاندان اور ان کے مداحوں کو نہایت افسردہ کیا۔ اسپتال کے اندر سے ایک ویڈیو لیک ہوگئی جس میں دھرمیندر اور ان کے اہلِ خانہ کے کچھ نجی اور جذباتی لمحات دیکھے جاسکتے تھے۔ یہ ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جسے عوام نے ’پرائیویسی کی شدید خلاف ورزی‘ قرار دیا۔

دھرمیندر کے قریبی حلقوں کے مطابق، خاندان اس غیر ذمہ دارانہ حرکت پر شدید ناراض اور متاثر ہے، کیونکہ اسپتال مریض کے لیے سب سے محفوظ جگہ مانی جاتی ہے، جہاں نجی معلومات کا مکمل تحفظ بنیادی اصول ہوتا ہے۔

AAJ News Whatsapp

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وہ اسپتال ملازم جس نے ویڈیو ریکارڈ یا شیئر کی، اسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ملازم کی شناخت ظاہر نہیں کی جا رہی، تاہم اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دھرمیندر کی موت کی افواہیں، ہیما مالینی اور ایشا دیول کی سختی سے تردید

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بریچ کینڈی اسپتال نے اس واقعے کے بعد مریضوں کی پرائیویسی کے لیے سیکیورٹی پروٹوکول سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دھرمیندر، جو بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے محترم اور محبوب اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، کے لاکھوں مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ فنکار برادری نے بھی ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مریض کے نجی لمحات کو لیک کرنا انتہائی غیر اخلاقی اور قابلِ سزا عمل ہے۔

Arrested

Dharmendra

secretly filming

Hospital employee