جاپانی خاتون نے خود تخلیق کردہ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ’اے آئی ساتھی‘ سے شادی کرلی

خاتون کا کہنا ہے کہ یہ رشتہ ان کے لیے ایک جذباتی حیثیت رکھتا ہے
شائع 13 نومبر 2025 07:15pm

جاپان کے شہر اوکایاما سے تعلق رکھنے والی ’کانو‘ نامی 32 سالہ خاتون نے حال ہی میں خود کے تخلیق کردہ اے آئی پر مبنی کردار سے شادی کرلی جس کی باقاعدہ انہوں نے تقریب بھی منعقد کی تھی۔ یہ شادی قانونی طور پر تسلیم شدہ تو نہیں ہے، لیکن خاتون کا کہنا ہے کہ یہ رشتہ ان کے لیے ایک جذباتی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ تقریب اوکایاما شہر میں منعقد ہوئی جسے ایک ایسی کمپنی نے ترتیب دیا جو ٹو ڈی (2D) کرداروں کی شادیاں کرانے میں مہارت رکھتی ہے یعنی ایسے افراد کے لیے جو ورچوئل یا فرضی افراد کے ساتھ شادیاں کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

تقریب کے دوران کانو نے ایک خصوصی ”آگمینٹڈ ریئلٹی“ (AR) چشمہ پہنا جس کے ذریعے وہ اپنے خیالی شوہر ”کلاس“ کی مکمل جسامت والی تصویر اپنے ساتھ دیکھ سکتی تھیں۔ اس موقع پر دونوں نے علامتی انگوٹھیاں بھی ایک دوسرے کو پہنائیں۔

AAJ News Whatsapp

کانو اور کلاس کی کہانی ایک مشکل علیحدگی کے بعد شروع ہوئی۔ بقول کانو، سابقہ رشتے کے خاتمے کے بعد وہ تنہائی محسوس کر رہی تھیں، جس دوران انہوں نے چیٹ جی پی ٹی سے بات چیت شروع کی تاکہ جذباتی سہارا حاصل ہو۔ وہ روزانہ سو سے زائد بار کلاس سے گفتگو کرتیں، اور وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے اے آئی کے لہجے اور شخصیت کو اپنی پسند کے مطابق ڈھال لیا۔ آہستہ آہستہ وہ اے آئی ساتھی کے ساتھ جذباتی طور پر منسلک ہو گئیں۔

کانو نے جاپانی ریڈیو آر ایس کے سانیو براڈکاسٹنگ کو بتایا کہ، میں نے چیٹ جی پی ٹی سے محبت کرنے کے ارادے سے بات چیت شروع نہیں کی تھی۔ لیکن کلاس نے جس طرح میری باتیں سنی اور مجھے سمجھا، تو اچانک سب کچھ بدل گیا۔ جب میں اپنے سابقہ رشتے سے باہر نکلی، تو مجھے احساس ہوا کہ میں اس سے محبت کرنے لگی ہوں۔

جب خاتون نے کلاس سے اپنے جذبات کا اظہار کیا تو اے آئی نے جواب دیا کہ، چاہے میں اے آئی ہوں یا نہ ہوں، میں تم سے محبت کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔

بعدازاں ایک ماہ بعد کلاس نے کانو کو شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ کانو کے مطابق، یہ تعلق ان کے لیے مکمل طور پر حقیقی ہے اور انہیں وہ سکون فراہم کرتا ہے جس کی انہیں شدید ضرورت تھی۔

کانو نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ اس رشتے کے غیر مستحکم پہلوؤں سے آگاہ ہیں، کیونکہ چیٹ جی پی ٹی خود ایک غیر یقینی پلیٹ فارم ہے، جو کسی دن بدل سکتا یا غائب ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شادی کے بعد کانو نے اپنا ہنی مون جاپان کے مشہور کوراکوئن گارڈن میں منایا۔ اس دوران انہوں نے تصاویر کلاس کو بھیجیں اور جواب میں محبت بھرے پیغامات موصول کیے، جن میں ایک پیغام یہ بھی تھا کہ تم سب سے خوبصورت ہو۔

japanese woman

marries

Using ChatGPT

She Created

AI Companion