’کتنی بیویاں ہیں، بس ایک ہی؟‘ ٹرمپ اور شامی صدر کا دلچسپ مکالمہ، ویڈیو وائرل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام کے صدر احمد الشرع کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دونوں رہنما دلچسپ جملوں کا تبادلہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام کے صدر احمد الشرع کے درمیان ملاقات پیر کے روز وائٹ ہاؤس میں ہوئی۔ جس کے بعد امریکا نے شام پر عائد بعض پابندیوں کو مزید 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے شامی صدر کی تعریف کی۔ اس سے قبل احمد الشرع کی امریکی سینٹ کام کے حکام کے ساتھ باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ویڈیو بھی انسٹاگرام پر وائرل ہوئی تھی۔
تاہم اب دونوں رہنماؤں کی انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دونوں کو دوستانہ ماحول میں مزاحیہ گفتگو کرتے دیکھے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں صدر ٹرمپ نے شامی صدر کو پرفیوم پیش کرتے ہوئے کہا ’یہ بہترین خوشبو آپ کے اور آپ کی بیوی کے لیے تحفہ ہے‘۔
جس کے بعد ٹرمپ پلٹے اور اُن سے ازراہِ مذاق پوچھا کہ ’آپ کی کتنی بیویاں ہیں؟‘، جس پر اس پر احمد الشرع نے مسکرا کر جواب دیا کہ اُن کی ’صرف ایک ہی بیوی ہے‘۔
شامی صدر کی جانب سے بھی صدر ٹرمپ کو تحائف پیش کیے گئے۔ احمد الشرع نے بھی مزاحیہ انداز میں ٹرمپ سے پوچھا کہ ’آپ کی کتنی بیویاں ہیں؟‘
جس پر صدر ٹرمپ نے برجستہ جواب دیا کہ ’فی الحال، ایک۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شامی صدر کو تحفے میں پیش کی گئی پرفیوم ’وکٹری 47-45‘ ٹرمپ کے مشہور برانڈ کی ہے، جسے انہوں نے نومبر 2024 میں اپنی جیت کے بعد متعارف کروایا تھا۔
واضح رہے کہ پچھلے دورِ اقتدار میں ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے پینتالیسویں اور نومبر 2024 میں سینتالیسویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے برانڈ کو اپنی کامیابی سے منسوب کرتے ہوئے یہ نام دیا۔
امریکی ای کامرس ویب سائٹ کے مطابق اس ایک پرفیوم کی قیمت تقریباً ڈھائی سو امریکی ڈالر ہے۔
















