گرمیوں کی ٹھنڈک، سردیوں کی طاقت ’ستو‘ : ہر موسم کا سپر فوڈ
ستو ایک ایسی مکمل، سستی اور غذائیت سے بھرپور خوراک ہے، جسے ماہرینِ غذائیت ہر موسم میں فائدہ مند قرار دے رہے ہیں۔ یہ بھنے ہوئے چنے یا جو سے تیار ہونے والا سفوف ہے، جو توانائی، فائبر، پروٹین اور آئرن سے بھرپور ہوتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق، ستو پودوں پر مبنی پروٹین کا بہترین ذریعہ ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو گوشت نہیں کھاتے۔ اس میں موجود کاربوہائیڈریٹس توانائی کو دیرپا بناتے ہیں اور خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھتے ہیں، جس سے دن بھر تھکن محسوس نہیں ہوتی۔
ستو میں موجود قدرتی فائبر آنتوں کی صحت بہتر کرتا ہے، قبض اور تیزابیت سے بچاتا ہے اور جسم کے زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ستو روزانہ پینے سے شوگر کے مریضوں کو بھی فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ یہ توانائی فراہم کرتا ہے۔
سردیوں میں یورک ایسڈ بڑھانے والی 5 سبزیاں، جن سے پرہیز ضروری ہے
اگرچہ ستو عام طور پر گرمیوں میں ٹھنڈا مشروب بنا کر پیا جاتا ہے، لیکن سردیوں میں بھی اسے گرم دلیہ، پراٹھا یا لِٹّی کے طور پر کھایا جا سکتا ہے۔ یہ جسم کو حرارت، طاقت اور غذائیت فراہم کرتا ہے گویا ستو ہر موسم کی خوراک ہے۔
مہنگے ”سپر فوڈز“ کے مقابلے میں ستو ایک سستا، ماحول دوست اور دیسی متبادل ہے۔ چونکہ یہ مقامی اجناس جیسے چنے اور جو سے تیار ہوتا ہے، اس سے دیہی کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
بازار میں ستو کی دو مشہور اقسام دستیاب ہیں: چنے کا ستو اور جو کا ستو۔ دونوں میں فائبر زیادہ، چکنائی کم، اور کیلشیم و میگنیشیم جیسے ضروری معدنیات وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو ہڈیوں اور دل کی صحت کے لیے بہترین ہیں۔
گھریلو تراکیب: صحت اور ذائقے کا امتزاج
ستو اور گڑ کے لڈو
ایک پیالے میں ستو، دیسی گھی اور پسا ہوا گڑ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں یہاں تک کہ گاڑھا آٹا سا بن جائے۔ اب اس مکسچر کے درمیانے سائز کے لڈو بنالیں اور انہیں ٹھنڈی جگہ پر 20 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ یہ لڈو توانائی سے بھرپور ہیں اور ورزش کے بعد یا سفر کے دوران کھانے کے لیے بہترین اسنیک ثابت ہوتے ہیں۔
ستو پراٹھا
ستو میں باریک کٹے پیاز، لہسن، زیرہ، نمک اور کالی مرچ شامل کریں۔ اب گیہوں کا آٹا نرم گوندھیں، اس میں ستو والا مصالحہ بھریں اور پراٹھے بیل لیں۔ گھی یا سرسوں کے تیل میں سنہری ہونے تک تلیں۔ دہی یا اچار کے ساتھ گرم گرم پیش کریں ۔ یہ ایک مکمل، پروٹین سے بھرپور غذائیت بخش کھانا ہے۔
سردیوں میں روزانہ کتنی مونگ پھلی کھانی چاہیے؟
ستو بھرتہ
اگر آپ کچھ چٹپٹا ذائقہ چاہتے ہیں تو ستو بھرتہ آزمائیں۔ ستو میں کٹے ہوئے پیاز، ہری مرچ، لیموں کا رس اور لہسن شامل کریں۔ پھر اس پر رائی کے تیل، زیرہ اور رائی دانے کا تڑکا لگائیں۔ اس لذیذ مکسچر کو دال، چاول اور اچار کے ساتھ کھائیں۔
ستو کباب
بھگوئی ہوئی مونگ دال کو ادرک، لہسن اور ہرا دھنیا کے ساتھ بلینڈ کریں۔ اب اس میں ستو اور مصالحے شامل کرکے کباب کی شکل دیں اور ہلکے تیل میں تلیں۔ باہر سے کرسپی اور اندر سے نرم یہ کباب ہائی پروٹین اور کم چکنائی والے ہوتے ہیں، پارٹی اسنیک یا صحت مند ناشتہ دونوں کے لیے بہترین ہیں۔
















