سام سنگ، ایپل کے مقابلے میں کریڈٹ کارڈ لانچ کرنے کو تیار

سام سنگ اور بارکلیز کے درمیان معاہدے کا باضابطہ اعلان رواں سال کے اختتام تک متوقع ہے۔
شائع 12 نومبر 2025 01:40pm

معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ امریکا میں اپنا کریڈٹ کارڈ متعارف کرانے جا رہی ہے۔ یہ نیا کارڈ برطانوی مالیاتی ادارے ’بارکلیز‘ کے اشتراک سے جاری کیا جائے گا اور ’ویزا نیٹ ورک‘ پر کام کرے گا۔

سام سنگ کے اس فیصلے کو ’ایپل‘ کے کریڈٹ کارڈ کے مقابلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو اس وقت ’گولڈمین ساکس‘ کے اشتراک سے ماسٹر کارڈ نیٹ ورک پر چل رہا ہے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ گولڈمین ساکس جلد ایپل کے ساتھ شراکت ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سام سنگ اور بارکلیز کے درمیان معاہدے پر بات چیت حتمی مراحل میں ہے اور سال کے اختتام تک باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق سام سنگ کے لیے کریڈٹ کارڈ مارکیٹ میں قدم رکھنا امریکی صارفین کی روزمرہ مالی سرگرمیوں میں اپنی شمولیت بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جبکہ بارکلیز اس موقع سے امریکا کے مالیاتی شعبے میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹس کے مطابق سام سنگ مستقبل میں دیگر مالیاتی مصنوعات بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جن میں ’ہائی ییلڈ سیونگز اکاؤنٹ‘، ’ڈیجیٹل پری پیڈ اکاؤنٹ‘، اور ’بائے ناؤ پے لیٹر‘ (Buy Now, Pay Later) جیسی سروسز شامل ہیں۔ ان میں سے کئی سہولتوں کی معاونت بارکلیز کرے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سام سنگ نے فنانس سیکٹر میں قدم رکھا ہو۔ کمپنی نے 2020 میں جنوبی کوریا میں ماسٹر کارڈ نیٹ ورک پر سام سنگ پے کارڈ لانچ کیا تھا، جبکہ اسی سال برطانیہ میں بھی ڈیجیٹل آن لائن کارڈ کی شکل میں یہ سروس متعارف کرائی گئی تھی۔ 2022 میں سام سنگ نے بھارت میں ایکسس بینک کے تعاون سے کریڈٹ کارڈ جاری کیا۔

Credit Card

Technology Updates

Samsung Pay Card

Barclays

Samsung Credit Card