اسلام آباد دھماکے کے بعد وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب، ملک کی سیکیورٹی پر اہم فیصلے متوقع

اجلاس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم اقدامات کی منظوری دی جا سکتی ہے، ذرائع
شائع 12 نومبر 2025 01:20pm

وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا جائے گا اور اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے کابینہ ارکان کو اجلاس کے لیے دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم اجلاس کے ایجنڈے سے ابھی تک باضابطہ طور پر ارکان کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم اقدامات کی منظوری دی جا سکتی ہے اور دیگر اہم فیصلوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں خودکش حملے نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی

واضح رہے کہ ملک میں حالیہ عرصے میں افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کی جانب سے وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہو گئے تھے۔

AAJ News Whatsapp

گزشتہ ماہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی کے دوران جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں دونوں طرف جانی نقصان ہوا۔ پاکستان نے اس دوران کابل میں ہائی ویلیو ٹارگٹ کے خلاف فضائی کارروائی کی تھی، تاہم اس کا باضابطہ اعتراف نہیں کیا گیا۔

27ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم شامل کرنے کا فیصلہ، بل واپس سینیٹ جانے کا امکان

دو اسلامی پڑوسی ملکوں کے درمیان کشیدگی کے بعد دوست ممالک نے ثالثی کی کوششیں کیں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور ہوا، جس میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا، لیکن اگلے مرحلے میں پاکستان نے افغان طالبان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا، جس پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

بعد ازاں ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں بھی پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات ہوئے، جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔

federal cabinet meeting

Islamabad explosion

suicide blast

G 11 Blast