آئی فون رکھنے کا تھیلا 65 ہزار روپے میں: ’کون خریدے گا؟‘
ایپل نے ایک نیا اسٹائیلش آئی فون پاکٹ پیش کیا ہے، یہ ایک بُنے ہوئے کپڑے کا تھیلا ہے جو مشہور جاپانی ڈیزائنر اسّے میاکے کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ ایپل نے یہ ’ایک کپڑے کے ٹکڑے‘ سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا ہے۔
اس کی حیران کردینے والی قیمت 229.95 امریکی ڈالر یعنی 65 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور یہ آئی فون سمیت دیگر چھوٹے آلات رکھنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین اس ڈیزائن اور مہنگی قیمت کو دیکھ کر حیران ہیں اور دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔
ایپل کے مطابق، آئی فون پاکٹ ایک منفرد تھری ڈی نکڈ ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جو کسی بھی آئی فون اور دیگر چھوٹے روزمرہ کے سامان کے لیے موزوں ہے۔ اس کا مقصد ”اضافی جیب“ فراہم کرنا ہے، اور یہ مکمل طور پر آئی فون کو ڈھانپتا ہے۔ تھیلے کو کھینچ کر صارف اپنے آئی فون کی اسکرین دیکھ سکتا ہے اور اسے ہاتھ میں پکڑ کر، بیگ پر باندھ کر یا جسم پر پہن کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آئی فون 18 عنابی رنگ میں؟ ممکنہ خصوصیات کیا ہوں گی؟
ایپل کی انڈسٹریل ڈیزائن کی نائب صدر، مولی اینڈرسن کے مطابق، ایپل اور اسّے میاکے کا ڈیزائن فلسفہ، ہنر، سادگی اور خوشی پر مبنی ہے۔ آئی فون پاکٹ کا سادہ اور نفیس ڈیزائن اسی فلسفے کی عکاسی کرتا ہے اور ایپل کے دیگر مصنوعات کے ساتھ فطری ہم آہنگی رکھتا ہے۔ رنگوں کا انتخاب اس انداز سے کیا گیا ہے کہ یہ تمام آئی فون ماڈلز اور رنگوں کے ساتھ میل کھائے۔
یہ پروڈکٹ 14 نومبر سے منتخب ایپل اسٹورز اور ایپل ڈاٹ کام پر دستیاب ہوگی۔ کراس باڈی ورژن کی قیمت 229.95 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ چھوٹا پاکٹ ورژن 149.95 ڈالر یا 42 ہزار پاکستانی روپے میں مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا، جسے بازو پر لٹکایا جا سکتا ہے یا بیگ کے ساتھ باندھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے اس پروڈکٹ پر مختلف ردعمل ظاہر کیے ہیں۔ مشہور ٹیک یوٹیوبر مارکیز براؤنلی نے کہا کہ، ’دو سو تیس ڈالر کی قیمت ایک آزمائش یا امتحان کی طرح ہے کہ دیکھیں لوگ ایپل کی ہر نئی چیز خریدنے یا اس کا دفاع کرنے کے لیے کتنے تیار ہیں۔‘
آئی فون میں بنا سگنل کے میسیجز اور میپس تک رسائی ممکن؟
کچھ صارفین نے کہا کہ یہ پروڈکٹ اور اس کی تفصیل مذاق لگتی ہے، خاص طور پر اس وقت جب دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں مصنوعی ذہانت پر کام کر رہی ہیں اور ایپل ”جرابوں کے ساتھ کھیل رہا ہے“۔

کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ پروڈکٹ شاید صرف امیر ایشیائی خواتین میں مقبول ہوگی جو اسّے میاکے کے ڈیزائن کو پسند کرتی ہیں۔ اس سے قبل بھی ایپل نے 2004 میں آئی فون سوکس پیش کیے تھے، جو ایک طرح کی تھیلی نما مصنوعات تھیں اور قیمت 29 ڈالر رکھی گئی تھی۔
یہ پروڈکٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ایپل اپنی مارکیٹ میں فیشن اور تکنیکی جدت کو ملا کر نئے تجربات کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، چاہے اس کی قیمت اور شکل عام صارفین کے لیے حیران کن ہی کیوں نہ ہو۔
















