’امریکا اور بھارت قریب آرہے ہیں‘: ٹرمپ کا بھارت سے نئی تجارتی ڈیل کا اعلان

بھارت کے ساتھ نئی ڈیل ماضی کے معاہدوں سے بالکل الگ ہوگی، ٹرمپ
شائع 11 نومبر 2025 09:13am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ ایک نئی تجارتی ڈیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور بھارت ایک بالکل نئے اور ”منصفانہ“ معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یہ ڈیل دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں بھارت کے لیے نئے امریکی سفیر سرجیو گور کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”ہم بھارت کے ساتھ ایک مختلف نوعیت کی ڈیل کر رہے ہیں، جو ماضی کے معاہدوں سے بالکل الگ ہوگی۔ یہ ڈیل منصفانہ اور متوازن ہوگی۔“

’ہمارا اتحادی برطانیہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ کردار ادا کر رہا ہے‘: ٹرمپ کی بی بی سی تنازع پر تنقید

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور بھارت قریب آرہے ہیں، امریکا بھارت کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے، اور یہ معاہدہ توانائی کی برآمدات میں اضافے اور امریکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ ٹرمپ نے پُراعتماد انداز میں کہا، ”ہم بہت قریب پہنچ چکے ہیں، جلد معاہدہ طے پا جائے گا۔“

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں سرجیو گور نے بھارت کے لیے امریکی سفیر کے طور پر حلف اٹھایا۔ وہ صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں اور طویل عرصے سے امریکی ریپبلکن پارٹی کے ساتھ منسلک ہیں۔

AAJ News Whatsapp

امریکا نے غزہ امن منصوبے کی فیصلہ سازی سے اسرائیل کو نکال دیا

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نیا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ تاہم بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ”امریکا فرسٹ“ پالیسی کے تحت بھارت کو زیادہ رعایتیں ملنے کا امکان کم ہے۔

امریکی صدر کے اس اعلان کے بعد واشنگٹن اور نئی دہلی میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس ڈیل کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔

President Donald Trump

US India Trade Deal

US India Deal