نئی دہلی: لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکا، 10 افراد ہلاک، 24 زخمی
نئی دہلی کے لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکے میں 10 افراد کی ہلاکت اور 24 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ دھماکے کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق نئی دہلی کے تاریخی لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیر کی شام ایک زوردار دھماکا ہوا۔
حکام کے مطابق دھماکا ایک کار میں ہوا جس کے بعد کئی دیگر گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنائی دی اور اطراف موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک 10 افراد کی ہلاکت اور 24 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم حکام نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک زخمی عینی شاہد نے بتایا کہ ’میرے سامنے کھڑی ’سوئفٹ ڈیزائر‘ کار میں دھماکا ہوا، کچھ سمجھ نہیں آیا کہ اس میں بم تھا یا کچھ اور لیکن اچانک دھماکا ہوا اور میں زخمی ہوگیا۔‘
دھماکے کے بعد میٹرو اسٹیشن پر آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے تاہم دہلی میٹرو کی خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ پولیس نے علاقے کو سیل اور شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
















