27ویں ترمیم کی منظوری کی کوششیں، پی ٹی آئی کے اپنے سینیٹرز سے رابطے منقطع

آئینی ترمیم پیش ہوتی ہے تو اپوزیشن بھرپور مزاحمت کرے گی، علامہ ناصر عباس
شائع 10 نومبر 2025 03:00pm

ستائیسویں آئینی ترمیم کے معاملے پر سینیٹ میں کشیدہ صورتِ حال برقرار ہے۔ حکومت کے مطابق ترمیم منظور کروانے کے لیے 64 ووٹ درکار ہیں مگر موجودہ وقت میں مطلوبہ نمبرز حاصل نہ ہو سکے، جس کے باعث ایوان میں کشیدہ ماحول برقرار ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کا اپنے دو سینیٹرز سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، خاص طور پر سندھ اور خیبرپختونخواہ کے دو سینیٹرز فی الحال پارٹی رابطے سے رابطے میں نہیں ہیں۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر قائمہ کمیٹیوں سے استعفے نہیں دیے تھے، جبکہ سینیٹر فیصل سلیم 26ویں ترمیم کے دوران بھی پارٹی سے رابطے میں نہیں رہے تھے۔

حکومت کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے سینیٹرز کو فوری طور پر اجلاس میں پہنچنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ایوان میں اس وقت محض 35 حکومتی و اتحادی سینیٹرز موجود ہیں، اسی وجہ سے حکومت کو مطلوبہ 64 ووٹ حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹرز سے رابطے بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ جلد از جلد نمبر پورے کیے جا سکیں۔

AAJ News Whatsapp

وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ مسودہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، کچھ تبدیلیاں تھیں وہ کر لی گئی ہیں اور مسودہ پرنٹنگ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تاہم حتمی منظوری کے لیے جب تک ووٹنگ نہیں ہوتی، صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔

ایک ہی وقت میں حکومت اے این پی کو قائل کرنے کی کوششیں بھی کر رہی ہے۔

نائبِ وزیراعظم اسحاق ڈار کے چیمبر میں بات چیت ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے ایمل ولی خان کو منانے کی بھرپور کوشش کی۔ ایمل ولی نے کہا کہ پی ایم کے استثنیٰ نہ لینے کے فیصلے نے اُن کا دل جیت لیا اور اُنہیں امید ہے کہ خیبرپختونخواہ کے نام کے معاملے پر آج اتفاق ہو جائے گا۔ ایمل ولی نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے 28ویں آئینی ترمیم میں ان کے مطالبات لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ .

اپوزیشن نے بھی اپنا مؤقف مضبوط کر رکھا ہے۔ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہو چکا ہے اور علامہ ناصر عباس سینیٹ ارکان کے ہمراہ مشاورت کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ علامہ ناصر عباس نے واضح کیا کہ وہ واک آوٹ کی بجائے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اگر آئینی ترمیم پیش ہوتی ہے تو اپوزیشن بھرپور مزاحمت کرے گی۔

27th Constitutional Amendment

Senator Faisal Saleem

Senator Saifullah Abroo