سام سنگ صارفین خبردار: واٹس ایپ پر موصول عام تصویر آپ کا فون ہیک کر سکتی ہے

اسپائی ویئر کی دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور کبھی کبھار، آپ کو “ڈاؤن لوڈ” کا بٹن دبانے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی
شائع 08 نومبر 2025 11:37am

سام سنگ موبائل فونز کے صارفین کے لیے ایک خطرناک انتباہ سامنے آیا ہے، جس کے مطابق واٹس ایپ پر بھیجی گئی ایک عام سی تصویر آپ کے فون میں جاسوسی کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔

پالو آلٹو نیٹ ورکس کی تحقیقاتی ٹیم ”یونٹ 42“ نے ایک نئے اسپائی ویئر کی نشاندہی کی ہے جو گزشتہ ایک سال سے خاموشی سے سام سنگ کے فونز میں داخل ہو رہا تھا۔ یہ اسپائی ویئر، جسے ”لینڈ فال“ کہا جاتا ہے، بظاہر عام تصاویر میں چھپا کر بھیجا جاتا تھا اور صارف کے کلک کیے بغیر فون کو ہیک کر سکتا تھا۔

تحقیق کے مطابق، ہیکرز نے ڈیجیٹل نیگیٹیو فارمیٹ کی تصاویر کو عام جے پیگ کی شکل میں چھپایا اور واٹس ایپ جیسی میسجنگ ایپس کے ذریعے بھیجا۔ جیسے ہی یہ تصویر فون پر آتی، زیرو کلک ورنیبلٹی کے ذریعے فون مکمل طور پر ہیک ہو جاتا، جس میں ہیکرز کالز سن سکتے، تصاویر اور پیغامات دیکھ سکتے، رابطوں کی معلومات حاصل کر سکتے، گفتگو ریکارڈ کر سکتے اور صارف کی لوکیشن ٹریک کر سکتے تھے۔

سب سے زیادہ متاثر ہونے والے فونز میں گیلیکسی سیریز کے ایس 22، ایس 23، ایس 24، زی فولڈ 4, اور زی فلپ 4 شامل ہیں، اور زیادہ تر متاثرہ صارفین مشرق وسطیٰ کے ممالک جیسے ترکیہ، ایران، عراق اور مراکش میں تھے۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اسپائی ویئر پہلی بار 2024 کے وسط میں دریافت ہوا، مگر کئی ماہ تک صارفین کو اس کا پتہ نہیں چلا۔ سام سنگ کو ستمبر 2024 میں اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، لیکن کمپنی نے اپریل 2025 میں فکس جاری کیا، جس کی وجہ سے تقریباً آدھے سال تک فونز غیر محفوظ رہے۔

AAJ News Whatsapp

دلچسپ بات یہ ہے کہ لینڈ فال اسپائی ویئر کے ڈیجیٹل آثار ایک معروف جاسوسی گروپ ”اسٹیلتھ فیلکن“ کے کام سے مشابہت رکھتے ہیں، جو پہلے صحافیوں اور مخالفین کے خلاف اسپائی ویئر حملوں میں ملوث رہا ہے۔ تاہم، تحقیق کاروں نے واضح طور پر کسی پر الزام نہیں لگایا کیونکہ مکمل ثبوت موجود نہیں ہیں۔

یونٹ 42 کے سینئر ریسرچر ایتے کوہن کے مطابق، “یہ ایک پُرپیچ حملہ تھا، عام مالی فائدے کے لیے نہیں بلکہ جاسوسی کے مقاصد کے لیے تیار کیا گیا تھا۔” ترکیہ کی نیشنل سائبر ایجنسی نے بھی ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سرور کو نقصان دہ قرار دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ترکیہ کے صارفین بھی متاثر ہوئے ہوں گے۔

یہ واقعہ صارفین کو یاد دلاتا ہے کہ اسپائی ویئر کی دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور کبھی کبھار، آپ کو “ڈاؤن لوڈ” کا بٹن دبانے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی، ایک عام تصویر ہی آپ کے فون کو ہیک کرنے کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔

سام سنگ صارفین کے لیے حفاظتی مشورہ یہ ہے کہ وہ اپنے فونز ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ ایسے حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔

WhatsApp

SPYWARE

Samsung Phones