’اُسے تو بلا پکڑنے بھی نہیں آتا‘: بی سی سی آئی چیئرمین پر بھارت میں تنقید

بھگلپور جلسے میں کانگریس رہنما کا الزام، صرف امبانی، اڈانی یا امت شاہ کے بیٹے ہی بڑے خواب دیکھ سکتے ہیں
شائع 08 نومبر 2025 11:37am

کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ایک انتخابی جلسے میں وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں بیٹ پکڑنا بھی نہیں آتا، لیکن وہ دنیا کی کرکٹ کے سربراہ بنے ہوئے ہیں۔‘‘ راہول گاندھی نے یہ بیان بہار کے ضلع بھگلپور میں 11 نومبر کے انتخابات سے قبل دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھگلپور میں انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی نے کہا، ’’اگر آپ اڈانی، امبانی یا امت شاہ کے بیٹے نہیں ہیں تو آپ بڑے خواب نہیں دیکھ سکتے۔ امت شاہ کا بیٹا (جے شاہ) بیٹ پکڑنا نہیں جانتا، رن بنانا تو دور کی بات، لیکن وہ کرکٹ کا سربراہ ہے، سب کچھ کنٹرول کرتا ہے۔ آخر کیوں؟ صرف پیسے کی وجہ سے۔‘‘

راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ ملک میں کھیلوں اور کاروبار سمیت ہر بڑے شعبے پر چند امیر گھرانے قابض ہیں، اور عام نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کے دروازے بند ہیں۔

AAJ News Whatsapp

جے شاہ دسمبر 2024 سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2019 سے 2021 تک بھارت کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری رہ چکے ہیں اور اس سے پہلے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ تھے۔

راہول گاندھی نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ مودی حکومت نے جی ایس ٹی (GST) نافذ کر کے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت غریبوں کی زمین چھین کر اڈانی اور امبانی جیسے بڑے صنعت کاروں کو دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ بہار اسمبلی کی 243 نشستوں میں سے 122 نشستوں پر دوسرے مرحلے کا الیکشن 11 نومبر کو ہوگا، جبکہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔

Rahul Gandhi

questions

Jay Shah's

hold a bat

He can't even

ICC chairmanship