پنجاب اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں قرارداد جمع

ن لیگ کی حنا پرویز بٹ کی جانب سے قرارداد جمع، ایوان نے ترمیم کو ادارہ جاتی استحکام اور شفافیت کی ضمانت قرار دیا
شائع 07 نومبر 2025 09:43am

پنجاب اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی رکنِ اسمبلی حنا پرویز بٹ نے قرارداد جمع کرائی، جس میں ترمیم کو ادارہ جاتی استحکام، شفافیت اور وفاقی توازن کو مضبوط بنانے کی سمت اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتا ہے، کیونکہ یہ ترمیم ملکی اداروں کے درمیان استحکام، شفافیت اور توازن کی ضامن ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ عوامی نمائندگی کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے اور کوئی بھی فریق یا ادارہ نظامِ حکومت پر ”شب خون“ نہ مار سکے۔

AAJ News Whatsapp

ایوان نے آئینی عدالت کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عدلیہ کی آزادی اور غیر جانبداری کو مزید تقویت ملے گی۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ مجوزہ ترمیم سے صوبائی خودمختاری اور وفاقی توازن مزید مضبوط ہوگا، جبکہ الیکشن کمیشن کو مزید خودمختار اور مؤثر بنانے کے اقدامات کو سراہا گیا۔

ایوان نے قرارداد کے متن میں کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کوئی انقلاب نہیں بلکہ ادارہ جاتی ارتقا کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔

قرارداد کے آخر میں وزیراعظم پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ترمیم اداروں کے استحکام کا سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Resolution

Amendment

in Punjab Assembly

Constitutional

in favor of 27th

submitted