دنیا کی سب سے مہنگی کافی: ایک کپ کی قیمت سن کر ہوش اُڑ جائیں!

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سمیت صرف چند منتخب افراد ہی اس کافی کا ذائقہ چکھ پائیں گے۔
شائع 06 نومبر 2025 12:09pm

دنیا کے نایاب اور مہنگے ترین مشروبات کی فہرست میں ایک حیران کن اضافہ ہو گیا ہے۔ دبئی کے ایک کیفے نے ایسی کافی پیش کی ہے جو اپنی قیمت اور نایابی کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

دبئی کے ایک کیفے نے دنیا کی سب سے مہنگی کافی متعارف کروا دی ہے، جس کا ایک کپ 3600 یو اے ای درہم یعنی تقریباً 2 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہے۔جو اسے نہ صرف مہنگا بلکہ دنیا کے انتہائی محدود ذائقوں میں شمار کرتا ہے۔

اس منفرد، مہنگی ترین اور نایاب کافی کا اعزاز حاصل کرنے والے اس مشروب کی تیاری کے لیے ایک خاص قسم کے بیج ”گیشا“ استعمال کیے جاتے ہیں، جو پاناما کے آتش فشانی علاقوں کی ڈھلوانوں پر کاشت کیے جاتے ہیں۔

اس کاشت کا عمل نہایت مشکل اور کم پیداوار والا ہے، جس کی وجہ سے یہ کافی خاص اور قیمتی سمجھی جاتی ہے۔ یہ مہنگی کافی دبئی کے جولیتھ کیفے میں پیش کی جارہی ہے، جہاں 400 کپ ہی محدود تعداد میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

جولیتھ کیفے نے 2025 کے آغاز میں اس نایاب کافی کے 20 کلو گرام بیج ایک ریکارڈ قیمت 22 لاکھ درہم میں خریدے تھے، اور اس موقع پر 549 بولیاں لگائی گئی تھیں اور سب سے زیادہ قیمت پر فروخت کیا گیا۔

AAJ News Whatsapp

کیفے کے مالک، سرکان ساگسوز نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کافی کا ایک کپ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، اور صرف چند منتخب افراد ہی اس کا ذائقہ چکھ پائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی مارکیٹنگ کا طریقہ نہیں بلکہ اس کافی کا ذائقہ اتنا منفرد ہے کہ ہمارے سیارے کے چند افراد ہی اسے آزمانے کے قابل ہیں۔

یہ کافی مختلف خوشبوؤں اور ذائقوں کا مجموعہ ہوتی ہے جس میں چینبلی، مالٹے اور دیگر پھلوں کے سفوف بھی شامل کیے جاتے ہیں۔ اگرچہ دنیا کی سب سے مہنگی کافی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ پہلے ہی دبئی کے نام ہے جس کا ایک کپ 2500 درہم میں فروخت ہوتا ہے، لیکن جولیتھ کیفے کی نئی پیشکش نے اس ریکارڈ کو مزید بہتر بنا دیا ہے، جس سے دبئی کی کافی کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی ہے۔

Richest Persons

exclusive coffee experience

expensive coffee record

Julith cafe

luxury coffee

Panama coffee

rare Geisha beans

Dubai Coffee

World's most expensive coffee