آن لائن فراڈ اور منی لانڈرنگ اسکینڈل، جرمنی میں 18 افراد گرفتار

193 ممالک کے 43 لاکھ افراد کے کارڈ ڈیٹا سے 30 کروڑ یورو سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا
شائع 05 نومبر 2025 03:09pm

جرمنی میں آن لائن فراڈ اور منی لانڈرنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی میں 18 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مشتبہ افراد نے 193 ممالک کے لاکھوں شہریوں کے کریڈٹ کارڈ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے کروڑوں یورو کا نقصان پہنچایا۔

جرمنی کے فیڈرل کرمنل پولیس آفس اور پراسیکیوٹرز کے مطابق 2016 سے 2021 کے درمیان ایک بین الاقوامی گروہ نے آن لائن فراڈ اور منی لانڈرنگ کا منظم نیٹ ورک چلایا۔

AAJ News Whatsapp

اس گروہ نے 193 ممالک کے 43 لاکھ افراد کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کر کے 30 کروڑ یورو سے زائد کی رقم ہتھیالی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جعلی ویب سائٹس کے ذریعے فراڈ کیا، جو بظاہر اسٹریمنگ، ڈیٹنگ اور تفریحی مقاصد کے لیے بنائی گئی تھیں۔ ان ویب سائٹس کے ذریعے صارفین کی ادائیگیاں وصول کی جاتیں اور رقم منی لانڈرنگ کے نیٹ ورک میں منتقل کی جاتی تھی۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق ملزمان نے رقم کی ترسیل کے لیے جرمنی کی چار بڑی پیمنٹ سروس کمپنیوں کے نظام کو بھی استعمال کیا، تاہم حکام نے ان کمپنیوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منگل کی رات جرمنی کے ساتھ ساتھ اٹلی، کینیڈا، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، سنگاپور، اسپین، امریکا اور قبرص میں بھی چھاپے مارے گئے۔

تحقیقات میں مجموعی طور پر 44 مشتبہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں فراڈ نیٹ ورک کے ارکان، پیمنٹ کمپنیوں کے ملازمین اور وہ افراد شامل ہیں جو ”کرائم از اے سروس“ کے تحت سہولت کار کے طور پر کام کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاریوں کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مالی نقصان کے اصل حجم اور ملوث نیٹ ورک کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔

Germany

laundering scandal

and money

in online fraud

arrested in

18 people