27 ویں آئینی ترمیم: حکومت کا روڈ میپ تیار، وزرا و ارکان کے دورے منسوخ، اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت

ہدایت میں تمام وزراء اور ارکانِ پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔
اپ ڈیٹ 05 نومبر 2025 09:45pm

وزیراعظم شہبازشریف نے مجوزہ آئینی ترمیم کے تناظر میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام وزراء اور حکومتی ارکانِ پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ کر دیے ہیں۔ ہدایت میں تمام وزراء اور ارکانِ پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔

حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ابتدائی روڈ میپ تیار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ترمیم کا مسودہ اتحادی جماعتوں کی کمیٹی تیار کرے گی، سینیٹ، قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں میں مباحثہ کرایا جائے گا۔

مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم جمعے کو سینیٹ میں پیش ہوگی اور چودہ نومبر کو قومی اسمبلی سے منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو مجسٹریسی کی بحالی، این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی، لوکل باڈیز انتخابات، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور نگران حکومتوں کی آئینی مدت سمیت متعدد اہم نکات مجوزہ ترامیم میں شامل ہیں۔

AAJ News Whatsapp

اس کے علاوہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کے ذریعے سیکیورٹی امور پر فیصلہ سازی کو اسٹریم لائن کرنے اور آئینی عدالت کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام وزراء کے غیر ملکی دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے واضح ہدایت دی گئی ہے کہ تمام اراکین اسلام آباد میں موجود رہیں تاکہ آئینی ترمیم کے سلسلے میں پارلیمانی کارروائی میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ پابندی صرف آئینی ترمیم کی منظوری کے مرحلے تک برقرار رہے گی۔ تاہم کسی انتہائی ناگزیر صورتِ حال یا قومی مفاد کے تحت مجوزہ دورہ صرف وزیراعظم کی تحریری اجازت سے کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم ہاؤس میں 8 نومبر کو ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں اے این پی سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔

چودہ نومبر تک قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا، اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہاؤس بزنس مشاورتی کمیٹی نے اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری دے دی ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کے روز ایم کیو ایم کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات مؤخر ہو گئی۔ چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے وقت ایم کیو ایم نے ایک ہی مطالبہ رکھا تھا کہ ایک ایسی جمہوریت نہ ہو جس میں ووٹ دینے والے کوکچھ نہ ملے۔

Pakistan People's Party (PPP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

27th Constitutional Amendment

Jamiat Ulama e Islam (JUIF)

Awami National Party (ANP)