کراچی میں ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور نوجوان جاں بحق، رواں سال اموات 733 ریکارڈ

تصادم کے نتیجے میں 20 سالہ کاشان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 19 سالہ جواد شدید زخمی ہوگیا، ذرائع
شائع 04 نومبر 2025 09:57pm

کراچی میں بے قابو ہیوی وہیکلز کی دہشت تھم نہ سکی۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سواروں کو روند دیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو نوجوان موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ اچانک پیچھے سے آنے والے ٹریلر نے انہیں زور دار ٹکر ماری۔ تصادم کے نتیجے میں 20 سالہ کاشان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 19 سالہ جواد شدید زخمی ہوگیا۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ زخمی جواد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

رواں برس 733 افراد حادثات میں جاں بحق ہوئے

کراچی میں رواں برس کے دوران شہر کی سڑکوں پر بے قابو اور تیز رفتار گاڑیوں نے 733 قیمتی جانیں چھین لیں، جبکہ 10 ہزار 651 افراد زخمی ہوئے۔

چھیپا ریسکیو ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ حادثات میں موٹرسائیکل سوار اور راہگیر متاثر ہوئے، جنہیں ہیوی وہیکلز اور تیز رفتار گاڑیوں نے روند ڈالا۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈمپر کی ٹکر سے 40 افراد موت کی نیند سو گئے۔

واٹر ٹینکرز نے 49 زندگیوں کے چراغ بجھا دیے۔ ٹریلرز کی زد میں آ کر 82 شہری جاں بحق ہوئے۔مزدا ٹرکوں نے 19 افراد کی جان لی۔

AAJ News Whatsapp

شہری حلقوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈمپر، ٹریلر، واٹر ٹینکرز اور ہیوی گاڑیوں کی نگرانی سخت کی جائے، تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز اور اندوہناک سڑک حادثے نے ایک خوشحال گھرانے کو ماتم کدہ بنا دیا۔ کراچی کے علاقے گارڈن رامسوامی کے علاقے میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر نوجوان شاہ زیب کی جان لے لی، حادثے میں 24 سالہ شاہ زیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اہلیہ مصباح شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

عینی شاہدین کے مطابق شاہ زیب اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ نشتر روڈ پر بے قابو ڈمپر نے انہیں روند ڈالا۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ نوجوان کی لاش بری طرح مسخ ہوگئی۔

اہلِ محلہ کے مطابق شاہ زیب کی شادی صرف تین ماہ قبل ہوئی تھی۔ جوان بیٹے کی لاش جب گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ ماں، بہنوں اور نئی نویلی دلہن کی آہوں اور سسکیوں نے فضا کو سوگوار کر دیا۔ گھر میں ہر شخص اشک بار تھا، اور پورا علاقہ غم میں ڈوبا ہوا تھا۔

اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ای چالان تو روز ہزاروں جاری کیے جا رہے ہیں مگر ان ”خونی ڈمپروں“ کو روکنے والا کوئی نہیں ہے۔ ان کی بے قابو رفتار آئے دن گھروں کے چراغ بجھا رہی ہے۔

شاہ زیب کی نمازِ جنازہ مقامی مسجد میں ادا کی گئی، جس کے بعد اُسے آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کردیا گیا۔

Heavy Vehicles

Karachi Heavy Traffic Accidents

Dumper mafia

Dumper Accidents

death rates in 2025

youngsters died