ایس پی عدیل اکبر کی بیوہ کے لیے خصوصی مراعات: گھر، گاڑی سمیت تمام خرچ حکومت اٹھائے گی

تین گن مین، دو ڈرائیور، ایک باورچی، مالی اور ایک سوئیپر بھی تعینات کر دیے گئے
شائع 04 نومبر 2025 03:55pm

اسلام آباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے پولیس افسر ایس پی عدیل اکبر کی بیوہ کو حکومت نے خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے جاری آفس آرڈر کے مطابق مرحوم افسر کی بیوہ کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں سرکاری گھر الاٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ گھر کا تمام خرچ بشمول بجلی، گیس اور ٹیلی فون کے بل حکومت برداشت کرے گی۔

آفس آرڈر کے مطابق بیوہ کو ایک ڈبل کیبن سرکاری گاڑی فراہم کی گئی ہے، جس کے لیے ماہانہ ایک ہزار لیٹر پٹرول بھی دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ تین گن مین، دو ڈرائیور، ایک باورچی، مالی اور ایک سوئیپر بھی ان کی خدمت کے لیے تعینات کر دیے گئے ہیں۔

یہ تمام مراعات مرحوم عدیل اکبر کی ریٹائرمنٹ کی مدت تک جاری رہیں گی۔

AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ 23 اکتوبر 2025 کو ایس پی اسلام آباد عدیل اکبر نے شاہراہِ دستور پر مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن کے افسر تھے۔ ان کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی ہے۔ بتایا گیا کہ وہ حال ہی میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا تھے مگر اس کے باوجود ڈیوٹی پر موجود رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم ایس پی عدیل اکبر شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے کیونکہ ان کی ترقی آئندہ بورڈ تک ملتوی کر دی گئی تھی، جب کہ ان کے تمام بیچ میٹس پہلے ہی پروموٹ ہو چکے تھے۔ وہ اسلام آباد پولیس میں ایس پی آئی نائن کے طور پر تعینات تھے۔

SP Adeel Akbar

Government Facilitations

SP Adeel Akbar Widow