کراچی: زمین کی خرید و فروخت کے دوران بھتہ مانگنے والے لیاری گینگ کے 3 کارندے گرفتار

گروہ کا سرغنہ اب تک شہریوں سے لاکھوں روپے بھتہ طلب کر چکا ہے، پولیس
شائع 02 نومبر 2025 05:00pm

کراچی میں شہریوں کو جائیداد اور زمین کی خرید و فروخت کے دوران بھتہ مانگنے والا گروہ بے نقاب ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے شکیل بادشاہ گروپ کے تین اہم کارندوں کو نارتھ کراچی صنعتی علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔

ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی تاہم حکمت عملی سے تینوں کو قابو کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین نائن ایم ایم پستول اور متعدد گولیاں برآمد ہوئیں۔

AAJ News Whatsapp

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ پراپرٹی خریدنے اور بیچنے والوں کی ریکی کرتا تھا۔ ایجنٹ بن کر مالکوں کی تفصیلات حاصل کرتا اور غیر ملکی نمبروں سے بھتے کے فون کرتا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ گروہ کا سرغنہ اب تک شہریوں سے لاکھوں روپے بھتہ طلب کر چکا ہے، ریکی کرنے والے کارندوں کو 90 ہزار سے دو لاکھ روپے تک ادائیگی کی جاتی تھی اور رقم جاز کیش کے ذریعے منتقل ہوتی تھی۔

گرفتار ملزمان کی شناخت تنویر، شکیل اور وقاص کے نام سے ہوئی جو کار لفٹنگ، پولیس پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں بھی ملوث ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

Arrested

3 Lyari gang

demanded extortion

land purchase and sale