خاتون ڈی ایس پی اپنی سہیلی کے گھر سے 2 لاکھ نقدی، موبائل چُرا کر فرار
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کی ایک خاتون افسر (ڈی ایس پی) کلپنا رگھوونشی کی چوری کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کلپنا رگھوونشی مدھیہ پردیش اسپیشل برانچ میں تعینات ہیں۔ ان کی دوست پرمیلا تیواری ایک انشورنس کمپنی میں ملازمت کرتی ہیں اور دونوں پڑوسی بھی ہیں۔ پرمیلا نے اپنی بیٹی کی اسکول فیس کے لیے بینک سے دو لاکھ روپے نکال کر رقم کو گھر میں ایک بیگ میں رکھا۔
رپورٹ کے مطابق دروازہ بند نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، ڈی ایس پی کلپنا مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوئی اور رقم کے ساتھ موبائل فون بھی اٹھا لیا۔ بعد ازاں جب پرمیلا نے بیگ چیک کیا تو رقم غائب تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کلپنا ہاتھ میں رقم اور فون لیے گھر سے نکل رہی ہیں۔
متاثرہ خاتون کے مطابق، جب انہوں نے اس واقعے پر ڈی ایس پی کلپنا سے بات کی تو افسر نے الٹا دھمکیاں دیں۔ خوفزدہ خاتون نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرائی۔
تحقیقات کے دوران کلپنا نے چوری شدہ موبائل فون واپس کر دیا، تاہم دو لاکھ روپے کی نقدی تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق، واقعہ سامنے آنے کے بعد پولیس محکمے میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ بھوپال پولیس کی ٹیمیں مفرور خاتون افسر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔
Aaj English
















