پشاور: سی ٹی ڈی تھانے میں شارٹ سرکٹ سے بارودی مواد پھٹ گیا، ایک اہلکار جاں بحق

عمارت کا حصہ منہدم، ملزمان کو بحفاظت نکال لیا گیا، پولیس
شائع 02 نومبر 2025 10:07am

پشاور کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث بارودی مواد پھٹنے سے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ تھانے کی عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دھماکا مال خانہ میں ہوا، جہاں مقدمات میں برآمد ہونے والا بارودی مواد رکھا گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتش زدگی شارٹ سرکٹ کے باعث ہوئی جس کے نتیجے میں بارودی مواد پھٹ گیا۔

AAJ News Whatsapp

دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ تھانے میں موجود چار ملزمان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد تھانے میں آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کی کوششیں جاری رہیں۔ پولیس نے علاقہ سیل کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

short circuit

Explosives explode

due to

CTD police station

one officer killed