ڈکشنری میں نئی اصطلاح ’7-6‘ کا اضافہ، اس کا مطلب کیا ہے؟

والدین الجھن میں ہیں، اساتذہ پریشان ہیں آخر اس لفظ کا مطلب ہے کیا؟
اپ ڈیٹ 02 نومبر 2025 10:48am

ڈکشنری ڈاٹ کام نے ”اس سال کا لفظ“ (word of the year) چُن لیا ہے، اور یہ لفظ ہے ”6-7“۔ لیکن یہ لفظ ہے کیا، کہاں سے آیا، دراصل اس سال کے منتخب شدہ لفظ کے پیچھے ایک دلچسپ اسٹوری ہے۔ یہ سال شاید وہ سال ہے جب الفاظ نے باقاعدہ معنی چھوڑ کر صرف ایک ”احساس“ بن جانا سیکھ لیا ہے۔

ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق ہر سال کا منتخب لفظ ایک لسانی یادگار ہوتا ہے جو اُس وقت کے معاشرتی رجحانات اور واقعات کو ظاہر کرتا ہے۔ مگر اس بار خود ویب سائٹ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ خود بھی ”6-7“ کو پوری طرح سمجھ نہیں پائی۔

وائرل فقرہ ”6-7“ جسے بچے اور نوجوان ہر وقت دہراتے ہیں، ویڈیوز بناتے ہیں اور باقی سب سوچوں میں گم، کہ آخر اس کا مطلب کیا ہے۔

والدین الجھن میں ہیں، اساتذہ پریشان ہیں، اور بچے؟ وہ تو بس ہنس رہے ہیں اور انجوائے کر رہے ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دراصل کوئی لفظ ہے ہی نہیں۔

ڈکشنری ڈاٹ کام نے بھی بالآخر ہتھیار ڈال دیے، اور اسی فقرے کو ”سال کا منتخب شدہ لفظ“ قرار دے دیا۔ یہ لفظ نہیں، ایک علامت ہے، ایک وائب، ایک ایسی آواز جو انٹرنیٹ پر گونج رہی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ یہ ”6-7“ کہاں سے آیا؟ اور کیوں سب اس کے دیوانے ہیں؟ چلیے، جانتے ہیں اس وائرل رجحان کی کہانی۔

6-7 کہاں سے آیا؟

یہ سب 2024 میں ایک ریپر ’اسکرلا‘ کے گانے ”Doot Doot (6-7)“ سے شروع ہوا۔ یہ گانا ٹک ٹاک پر تیزی سے پھیل گیا، خاص طور پر باسکٹ بال اسٹار لامیلو بال کی ویڈیوز کے ساتھ، جو خود 6 فٹ 7 انچ کے ہیں۔ پھر ایک ویڈیو آئی جس میں ایک لڑکا جوش سے ”6-7“ چلاتا ہے، اور دوسرا لڑکا اپنے ہاتھوں سے جگلنگ کا اشارہ کرتا ہے۔ بس، وہی ویڈیو وائرل ہوگئی اور 6-7 سب کے لبوں پر چڑھ گیا۔

لیکن اس کا مطلب کیا ہے؟

اب اصل سوال یہ ہے کہ اس ”6-7“ کا مطلب آخر ہے کیا؟ سادہ جواب یہ کہ…! کوئی نہیں جانتا۔

کچھ لوگ کہتے ہیں یہ بس ایک مذاق ہے۔ کچھ کے نزدیک یہ ”ایسا ویسا“ یا ”چلو ٹھیک ہے“ جیسے بے معنی الفاظ کی طرح ہے۔ ڈکشنری ڈاٹ کام کہتا ہے کہ یہ ”ہاتھوں کے جگل کرنے والے اشارے کے ساتھ“ کسی غیر یقینی یا درمیانی حالت کو ظاہر کرتا ہے۔ جبکہ میریئم ویبسٹر نے اسے ”نوجوانوں کا بے معنی اظہار“ قرار دیا ہے۔

کئی بچے تو اسے صرف بڑوں کو تنگ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، خاص طور پر جب ان سے کوئی سنجیدہ سوال کیا جائے۔

دنیا بھر کا ردِعمل

6-7 اتنا مشہور ہوا کہ والدین، اساتذہ، اور یہاں تک کہ مشہور شخصیات نے بھی اس پر ویڈیوز بنائیں۔

کچھ لوگ سمجھانے لگے کہ یہ کیوں بیکار ہے، کچھ نے کہا کہ بچوں کو منع کرنے کے بجائے اسے مزے سے اپنالیں تاکہ وہ خود ہی بور ہو جائیں۔

کچھ اسکولوں میں اسے بولنے پر پابندی لگ گئی، جبکہ کچھ ماہرینِ نفسیات اسے ”جین ذی کی اندرونی زبان“ قرار دیتے ہیں۔

AAJ News Whatsapp

بات یہاں ختم نہیں ہوتی جناب! یہ اصطلاح کھیلوں میں بھی پہنچ چکی ہے، این ایف ایل کھلاڑی اسے اپنی کامیابی کے جشن میں استعمال کرنے لگے ہیں۔

یہ ”سال کا لفظ“ کیوں بنا؟

ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق ”اس سال کا لفظ“ صرف مقبولیت نہیں، بلکہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم بات چیت میں کیسے بدل رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ”6-7“ کی آن لائن سرچز، جون سے اب تک چھ گنا بڑھ چکی ہیں۔

سائٹ نے اعلان میں لکھا، ”سال کا منتخب لفظ وہ ہوتا ہے جو ہمارے وقت کی کہانی بیان کرتا ہے، چاہے وہ معنی خیز ہو یا صرف ایک مذاق۔“

اس ساری تفصیل کے بعد جو بات سامنے آتی ہے وہ یہی ہے کہ ”6-7“ شاید کوئی خاص مطلب نہ رکھتا ہو لیکن اس نے ایک بات ضرور ثابت کر دی ہے اور وہ یہ کہ نئی نسل باتوں سے زیادہ احساسات، اشاروں اور وائبز سے بات کرتی ہے اور یہی آج کی زبان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

6 7

67

Skrilla

DootDoot

ViralTrend

WordOfTheYear

TeenSlang

TikTokTrend

YouthCulture

InternetSlang

Viral Phrase