کراچی: خانہ بدوشوں کی ایک اور بستی میں آگ، 500 جھگیاں جل گئیں

شہرِ قائد میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آتشزدگی کے ایک درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں
شائع 02 نومبر 2025 08:12am
Massive Fire in Karachi’s Johar Block 12: 500 Shacks Burnt - Aaj News Breaking

کراچی ایک بار پھر آتشزدگی کے واقعات کی لپیٹ میں ہے۔ گلستانِ جوہر بلاک 12 میں منور چورنگی کے قریب رات گئے جھونپڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ سے تقریباً پانچ سو جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پانچ فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

عینی شاہدین کے مطابق بجلی کے تار آپس میں ٹکرانے سے شارٹ سرکٹ ہوا، جس سے آگ بھڑکی، اور پھر جھگیوں میں موجود گیس کے سلینڈر پھٹنے سے شعلے مزید پھیل گئے۔

آگ کے باعث خانہ بدوشوں کا سارا سامان، کئی موٹر سائیکلیں اور گھریلو اشیاء جل کر راکھ ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ کے مطابق متعدد مویشی بھی جھلس گئے، تاہم انہیں زندہ بچا لیا گیا۔

یہ آتشزدگی کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ 30 اکتوبر کو بھی شہر قائد کے علاقے گلشنِ اقبال شانتی نگر میں جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے تباہی مچ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 55 سالہ معذور شخص ایوب جھلس کر جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق ایوب اپنی معذوری کی وجہ سے جھونپڑی سے باہر نہ نکل سکا اور آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

AAJ News Whatsapp

شہرِ قائد میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آتشزدگی کے ایک درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں دو قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ اربوں روپے کا مالی نقصان بھی ہوچکا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کے واقعات جامعہ کراچی کے قریب جھاڑیوں، کلفٹن ریلوے اسپتال، نارتھ ناظم آباد، ایم اے جناح روڈ، حب چوکی روڈ، سائٹ ایریا، نادرن بائی پاس اور کیماڑی فشری مارکیٹ کے قریب بھی پیش آچکے ہیں۔ اکثر جگہوں پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی سے بڑے سانحات سے بچاؤ کیا۔

تاہم بلدیہ مواچھ گوٹھ میں گودام میں لگنے والی آگ سب سے شدید تھی، جس نے تیسرے درجے کی شدت اختیار کرلی تھی۔ 13 سے زائد فائر ٹینڈرز کئی گھنٹے تک آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ خوش قسمتی سے وہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Land Grabbers

Karachi Fire

Fire Incidents Karachi