سندھ میں بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور ایکشن کا فیصلہ
سندھ میں بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر تمام متعلقہ افسران کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ سڑک پر چلنے والی تمام گاڑیوں کی نشاندہی کی جائے۔
مراسلے کے مطابق نمبر پلیٹ نہ ہونے کی صورت میں موٹر وہیکل آرڈیننس قواعد کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
اس کے علاوہ کہا گیا کہ قانون پر سختی سے عمل درآمد کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔
مراسلے میں ضبط گاڑیوں، مقدمات،گرفتاریوں کی رپورٹ روز جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں روزانہ صبح 10 بجے آئی جی آپریشن روم کی ای میل پر رپورٹ دی جائے، اور ہدایات کے مطابق جبکہ اِس معاملے کو موسٹ ارجنٹ کے طور پر لیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مراسلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت صوبے کے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پی کو بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ نے کراچی کے شہریوں کو اجرک ڈیزائن والی نئی نمبر پلیٹس لگوانے کے لیے مزید دو ماہ کی مہلت دے دی ہے۔ اب شہری 31 دسمبر 2025 تک اپنی گاڑیوں پر جدید سیکیورٹی فیچرز والی نمبر پلیٹس حاصل کرسکیں گے۔ محکمہ ایکسائز نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس نے پانچویں دن بھی 4136 الیکٹرانک چالان جاری کیے۔
محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق سب سے زیادہ 2737 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری کیے گئے، جو کہ شہریوں کی جانب سے سب سے عام خلاف ورزی ثابت ہوئی۔
اس کے بعد ہیلمٹ نہ پہننے پر 812 موٹر سائیکل سواروں کو چالان کیا گیا، جبکہ اوور اسپیڈنگ یعنی مقررہ رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانے پر 116 ڈرائیوروں کو جرمانے ہوئے۔
Aaj English

















