مہیما چوہدری اور سنجے مشرا کی شادی کی افواہوں پر مداح حیران
بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ مہیما چوہدری اور سینئر معروف کامیڈی اداکار سنجے مشرا کی حال ہی میں وائرل ہونے ایک ویڈیو نے مداحوں کو حیران کر دیا، جب دونوں شخصیات شادی کے جوڑے میں نظر آئے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ شاید دونوں نے خفیہ طور پر شادی کر لی ہے۔ تاہم ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔
وائرل ہونے والی اس مختصر ویڈیو میں مہیما چوہدری سرخ رنگ کی ساڑھی میں دکھائی دیں، جبکہ سنجے مشرا کریم رنگ کے کرتے اور واسکٹ میں دلہا کے روپ میں نظر آئے۔ دونوں فنکاروں کو ایک عمارت سے باہر آتے ہوئے دکھایا گیا جو مسکرا کر تصاویر بنواتے دکھائی دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مناظر کسی حقیقی شادی کے نہیں بلکہ مہیما چوہدری اور سنجے مشرا کی آنے والی نئی فلم ”دُرلپ پرساد کی دوسری شادی“ کی تشہیری شوٹنگ کے تھے۔ فلم کے پروڈیوسرز نے انسٹاگرام پر اس کا موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ویڈیو دراصل فلم کے ایک منظر کا حصہ ہے، جسے پروموشن کے طور پر جاری کیا گیا تھا۔
ویڈیو دیکھ کر ایک انسٹاگرام صارف کا کہنا تھا کہ، ”میں نے سچ ہی مان لیا تھا۔“

نئی آنے والی بھارتی فلم دُرلپ پرساد کی دوسری شادی ایک منفرد رومانوی کامیڈی فلم ہے، جس کی کہانی ایک غیر معمولی شادی کے ارد گرد گھومتی ہے۔
فلم کے ٹیزر میں لکھا گیا تھا کہ،“دلہن مل گئی ہے، اب تیار ہو جائیے، کیونکہ بارات نکلنے والی ہے۔ جس سے فلم کے مزاحیہ اور دلچسپ موضوع کا اندازہ ہوتا ہے۔ ریلیز سے قبل ہی فلم کے اس پروموشنل اسٹنٹ نے ناظرین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
اداکاروں کی نجی زندگی کی بات کی جائے تو مہیما چوہدری نے 2006 میں ایک آرکیٹیکٹ بابی مکھرجی سے شادی کی تھی، تاہم بعد میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔ مہیما اس وقت اپنی بیٹی آریانا کی پرورش پر توجہ دے رہی ہیں۔ دوسری جانب سنجے مشرا کی شادی کرن مشرا سے ہوئی ہے، اور وہ دو بیٹیوں پال اور لمحہ کے والد ہیں۔
Aaj English


















