Aaj News

پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے چوہدری یاسین کا نام فائنل کرلیا

مسلم لیگ ن نے عدم اعتماد کے بعد قبل ازوقت انتخابات کی شرط رکھ دی۔
شائع 29 اکتوبر 2025 07:53pm

آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے لیے سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ پیپلز پارٹی نے چوہدری یاسین کو نیا وزیراعظم نامزد کر دیا ہے، جبکہ موجودہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف کل عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی جائے گی۔

آزاد کشمیر میں سیاسی تبدیلی کی کوششوں نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک کل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے تحریک عدم اعتماد پر دستخط مکمل کر لیے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے متفقہ طور پر چوہدری یاسین کو نئے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر فائنل کر دیا ہے۔

تاہم، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات تاحال مکمل طور پر طے نہیں ہو سکے۔ ن لیگ کی جانب سے شرط رکھی گئی ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے تو نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی اسمبلی تحلیل کر کے قبل ازوقت انتخابات کرائے جائیں۔

دوسری طرف وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف ڈٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اتحادی جماعتوں کی سیاسی حکمت عملی کا بھرپور مقابلہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کل تحریک کے جمع ہونے کے بعد آزاد کشمیر کی اسمبلی میں سیاسی صف بندی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی، جس کے نتائج خطے کی آئندہ سیاسی سمت کا تعین کر سکتے ہیں۔

Pakistan People's Party (PPP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

chaudhry anwar ul haq

New government in Azad Kashmir

AJK Assembly

Ch Yaseen