Aaj News

ایم کیو ایم نے ای چالان سسٹم کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریکِ التوا جمع کرادی

ایم کیوایم رہنما عوام کو قانون توڑنے کے بجائے اس کی پاسداری کی ترغیب دیں، ترجمان سندھ حکومت
اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2025 06:36pm

ایم کیو ایم نے ای چالان سسٹم، سڑکوں اور ٹریفک کے مسائل پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی۔ دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ ایم کیوایم عوام کو قانون توڑنے کے بجائے پاسداری کی ترغیب دے

ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عادل عسکری نے شہر میں ای چالان سسٹم اور ٹریفک کی صورتحال پر سندھ اسمبلی میں تحریکِ التوا جمع کرادی ہے۔

تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ٹریفک کے بنیادی انتظامات اور روڈ سیفٹی کے مؤثر اقدامات کیے بغیر شہریوں کے ای چالان کرنا شروع کردیے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ شہر کی سڑکوں کی حالت خراب اور ٹریفک کا نظام غیر منظم ہے، زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سائن بورڈز کی کمی کے باعث حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔

تحریک میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کا بہتر نظام نہ ہونے کے باوجود ای چالان کا نفاذ شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے، غیر منصفانہ نظام کے تحت شہریوں کو سزائیں دی جا رہی ہیں۔

AAJ News Whatsapp

سندھ حکومت کا ردعمل

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایم کیوایم رہنماؤں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کرپشن نہیں بلکہ قانون کی عمل داری کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت یا فرد کو اس سے استثنیٰ حاصل نہیں۔

سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم رہنما عوام کو قانون توڑنے کے بجائے اس کی پاسداری کی ترغیب دیں۔ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا حکومتِ سندھ کی ذمہ داری ہے، اور ٹریفک پولیس اپنے فرائض قانون کے مطابق انجام دے رہی ہے۔

ای چالان سسٹم نے ڈی آئی جی ٹریفک کی گاڑی بھی نہ بخشی، 10 ہزار کا چالان ہوگیا

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم رہنماؤں کا بیان غیرسنجیدہ ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمانے شہریوں کی حفاظت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں ایسے میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔