’پاکستان نے بالکل نئے 7 طیارے گرائے‘، ٹرمپ کا ایک بار پھر بھارت پر وار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر فوجی جھڑپ کے دوران سات بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔
جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں سے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد ٹیرف (درآمدی محصولات) نے دنیا بھر میں کئی جنگیں رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا، “اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی پر تھے، اور 7 بالکل نئے، خوبصورت طیارے مار گرائے گئے۔”
ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر دونوں ممالک جنگ کریں گے تو امریکا ان کے ساتھ تجارتی تعلقات نہیں رکھے گا۔
“میں نے کہا، ہم کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے اگر آپ لڑائی جاری رکھیں گے، اور 24 گھنٹے کے اندر ہی سب ختم ہو گیا، یہ واقعی حیرت انگیز تھا۔”
ٹرمپ نے کہا کہ دنیا میں امن قائم رکھنے میں تجارت کا 70 فیصد کردار ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے دورِ صدارت میں کئی تنازعات ختم ہوئے۔
مئی میں ہونے والی یہ جھڑپ گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے شدید تصادم قرار دی گئی تھی۔ اس کی شروعات مقبوضہ کشمیر میں ہندو زائرین پر ہونے والے ایک حملے سے ہوئی، جس کا الزام بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر عائد کیا۔
اسلام آباد نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی دہلی کا مؤقف ”جھوٹ اور من گھڑت بیانیے“ پر مبنی ہے۔
چار روز تک جاری رہنے والے اس تصادم میں دونوں ممالک نے لڑاکا طیارے، میزائل، توپ خانہ اور ڈرونز استعمال کیے۔ درجنوں ہلاکتوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔
پاکستان نے اس جھڑپ کے دوران بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں ایک رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ تاہم بھارت نے صرف “کچھ نقصانات” تسلیم کیے اور چھ طیاروں کے مار گرائے جانے کے دعوے کو مسترد کیا۔
Aaj English


















