Aaj News

این بی پی کا ’پنک ٹوبر 2025‘: چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے ملک گیر مہم

ہیڈ آفس گلابی روشنیوں میں جگمگا اُٹھا
شائع 29 اکتوبر 2025 11:05am

نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے ’’پنک ٹوبر 2025‘‘ کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی مہم کا آغاز کیا، جس کے تحت آگاہی سیشنز، مفت اسکریننگ کیمپس اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مہم بینک کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے ملازمین بلکہ معاشرے کی مجموعی صحت و فلاح کے فروغ کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتا ہے۔

اکتوبر کے دوران این بی پی کے تمام ریجنل دفاتر میں آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں ماہرینِ طب نے ملازمین، خصوصاً خواتین کو ابتدائی تشخیص، خود معائنے اور بروقت علاج کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ان سیشنز کا مقصد خواتین کو اپنی صحت کے بارے میں زیادہ باخبر، باشعور اور بااختیار بنانا تھا تاکہ وہ بیماری کی علامات کو بروقت پہچان سکیں۔

مہم کا مرکزی اختتامی پروگرام این بی پی کے ہیڈ آفس کراچی میں ہوا، جہاں میمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ اسپتال کے اشتراک سے آگاہی سیشن اور مفت اسکریننگ کیمپ لگایا گیا۔ معروف ماہرِ امراضِ نسواں ڈاکٹر صائمہ اعوان نے چھاتی کے سرطان کے خطرات، احتیاطی تدابیر اور علاج کے جدید طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملازمین نے موقع پر ہی طبی مشاورت اور مفت اسکریننگ کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

این بی پی کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر رحمت علی حسنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ”این بی پی کی پنک ٹوبر سرگرمیاں اس یقین کی ترجمان ہیں کہ آگاہی اور احتیاط ہی زندگیوں کے تحفظ کی بنیاد ہیں۔ ہمیں ان تمام اداروں اور افراد کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے جو اس اہم مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔“

ہیومن ریسورس مینجمنٹ گروپ کے چیف مرزا محمد عاصم بیگ نے کہا، ”این بی پی ہمیشہ اپنے ملازمین کی صحت اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ پنک ٹوبر نہ صرف آگاہی بڑھانے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ہمیں عملی اقدامات کی ترغیب دیتا ہے تاکہ خواتین کی صحت کے لیے ہم اجتماعی طور پر اپنی ذمہ داری نبھا سکیں۔“

مہم کے اختتام پر رات کے وقت این بی پی ہیڈ آفس کی عمارت کو گلابی روشنیوں سے روشن کیا گیا، جو امید، یکجہتی اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کی علامت تھی۔

این بی پی نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی ’’پنک ٹوبر‘‘ جیسے اقدامات کے ذریعے صحت، شمولیت اور معاشرتی بہتری کے فروغ میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا — کیونکہ یہ وہ اقدار ہیں جو بینک کی ثقافت اور سماجی وابستگی کی بنیاد ہیں۔

NBP

Pinktober