Aaj News

ایمازون کا 14 ہزار ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ

کمپنی نے اشارہ دیا ہے کہ آئندہ برس مزید کٹوتیاں بھی متوقع ہیں۔
شائع 28 اکتوبر 2025 06:41pm
تصویر: رائٹرز
تصویر: رائٹرز

ایمازون نے منگل کو تقریباً 14 ہزار ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کمپنی کی تنظیمِ نو کے ایک بڑے مرحلے کا حصہ ہے، جس کی ایک بڑی وجہ مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔ کمپنی نے اشارہ دیا ہے کہ آئندہ برس مزید کٹوتیاں بھی متوقع ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کمپنی نے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں کہا ہے کہ یہ اقدام بیوروکریسی میں مزید کمی، اضافی انتظامی سطحیں ختم کرنے اور وسائل کو اُن شعبوں میں منتقل کرنے کے لیے ہیں جہاں ہم اپنی سب سے بڑی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ پیغام بعد میں ایمازون کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا گیا تھا۔

رائٹرز نے پیر کے روز سب سے پہلے یہ خبر دی تھی کہ ایمازون تقریباً تیس ہزار کارپوریٹ نوکریوں میں کٹوتی کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو منگل سے شروع ہوگی۔ یہ فیصلہ کمپنی کی اُس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ کووِڈ-19 کے دوران ضرورت سے زیادہ بھرتیوں کے اثرات کو متوازن کر رہی ہے۔

ایمازون کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال کے اختتام پر کمپنی کے فل ٹائم اور پارٹ ٹائم ملازمین کی تعداد 15.6 لاکھ تھی، جن میں سے تقریباً 3.5 لاکھ کارپوریٹ عملہ ہے۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران ایمازون مختلف شعبوں بشمول کتب، ڈیوائسز، اور وینڈر ی پوڈکاسٹ کاروبار میں بتدریج ملازمتوں میں کمی کر چکی ہے۔

AAJ News Whatsapp

کمپنی کے مطابق، ان اقدامات سے ٹیموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور وہ 2026 کی جانب بڑھتے ہوئے چند شعبوں میں کمی اور دیگر میں بھرتی جاری رکھے گی۔

ایمازون کی سینئر نائب صدر برائے پیپل ایکسپیرینس اینڈ ٹیکنالوجی، بیتھ گیلیٹی نے نوٹ میں بتایا کہ کمپنی متاثرہ ملازمین کو 90 دن کا وقت دے گی تاکہ وہ اندرونِ خانہ نئی ملازمت تلاش کر سکیں۔ کمپنی کی بھرتی کرنے والی ٹیمیں ان امیدواروں کو ترجیح دیں گی۔

ایمازون نے اپنے نوٹ میں مزید کہا کہ سی ای او اینڈی جَیسی انتظامی سطحوں میں کمی اور مصنوعی ذہانت پر زیادہ انحصار کرنے کے منصوبے پر گامزن ہیں۔ جَیسی نے جون میں کہا تھا کہ جنریٹو اے آئی ٹولز کے بڑھتے استعمال سے آنے والے برسوں میں کمپنی کی کارپوریٹ افرادی قوت میں مزید کمی ہوگی۔

ایمازون رواں برس تقریباً 118 ارب ڈالر سرمایہ جاتی اخراجات (capital expenditures) پر خرچ کرنے کی توقع رکھتی ہے، جن میں زیادہ تر رقم اے آئی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر پر صرف کی جائے گی۔

دنیا بھر کی کمپنیاں اب تیزی سے اس ٹیکنالوجی کو اپنے سافٹ ویئر کے کوڈ لکھنے اور روزمرہ کے معمولی کام خودکار بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہیں، تاکہ اخراجات کم کیے جا سکیں اور انسانی انحصار گھٹایا جا سکے۔

Amazon

cutting 14000 jobs