Aaj News

کینیا میں سیاحوں کا طیارہ حادثے کا شکار، پائلٹ سمیت 11 مسافر ہلاک

طیارہ صبح 5 بج کر 30 منٹ (مقامی وقت) کے قریب حادثے کا شکار ہوا، رپورٹس
شائع 28 اکتوبر 2025 05:38pm
تصویر: رائٹرز
تصویر: رائٹرز

کینیا میں منگل کے روز ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ہنگری اور جرمنی کے سیاح شامل تھے۔

رائٹرز کے مطابق ایئرلائن مومباسا ایئر سفاری (Mombasa Air Safari) نے اپنے بیان میں طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے میں دس مسافر سوار تھے، جن میں آٹھ شہری ہنگری سے اور دو جرمن شہری شامل تھے جبکہ طیارے کے کپتان کا تعلق کینیا سے تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ”افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔“

کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارہ ساحلی سیاحتی مقام ڈیانی سے روانہ ہوا تھا اور ماسائی مارا نیشنل پارک میں واقع نجی ایئر اسٹرپ کِچوا ٹیمبو جا رہا تھا۔

AAJ News Whatsapp

طیارہ صبح 5 بج کر 30 منٹ (مقامی وقت) کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔

کینیا کے سرکاری نشریاتی ادارے کینیا براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو علاقائی پولیس کمانڈر نے بتایا کہ، ”طیارے میں سوار تمام مسافر غیر ملکی سیاح تھے۔“

مقامی ٹی وی چینل سِٹیزن ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ طیارے میں سوار افراد کی لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں جن کی شناخت مشکل ہوگئی ہے۔

crashes

Kenyan plane

carrying foreign tourists

11 killed