Aaj News

پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق

مذکورہ فریم ورک پاک سعودی تعلقات میں نئی اقتصادی شراکت داری کی بنیاد بنے گا،اعلامیہ
شائع 28 اکتوبر 2025 04:39pm

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ فریم ورک کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق یہ فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہے اور ان کی تکمیل کے لیے تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی باہمی خواہش کا اعادہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ ترجیحی شعبے شامل ہیں۔ دونوں ممالک توانائی اور بجلی کی ترسیل کے منصوبوں پر بھی تعاون کر رہے ہیں۔

مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ممالک کی جانب سے نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے میں اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ فریم ورک پاک سعودی تعلقات میں نئی اقتصادی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔

AAJ News Whatsapp

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی اسٹریٹجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوگا جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، نجی شعبے کے اہم کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

اس کے علاوہ مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں کے حوالے سے تعاون پر کام کر رہے ہیں، فریم ورک اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری میں پائیدار شراکت داری کے لیے مشترکہ وژن کی توثیق ہے

فریم ورک باہمی برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے اقدامات کا عکاس ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ فریم ورک دونوں ممالک کی قیادت اور برادر عوام کی امنگوں کی ترجمانی اور باہمی مفادات کے حصول کی تکمیل کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے جب کہ دونوں ممالک کے رہنما سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے بھی منتظر ہیں۔

shahbaz sharif

Mohammed bin Salman

pakistan saudi arabia relation