Aaj News

آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ ہراسانی کے واقعے پر بی جے پی رہنما نے متنازع بیان جاری کردیا

جاری کردہ متنازع بیان پر بھارتی وزیر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے
شائع 27 اکتوبر 2025 07:55pm

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اور بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے رہنما کیلاش وجے ورگیہ نے آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ پیش آئے جنسی ہراسانی کے حالیہ واقعے پر متنازع بیان جاری کیا ہے جس پر اُنہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی وزیر نے اپنے بیان میں اُلٹا قصور وار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو ٹھہرا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی رہنما کیلاش وجے ورگیہ نے کہا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کو ہوٹل چھوڑنے سے قبل انتظامیہ کو اطلاع دینی چاہیے تھی۔

بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ چونکہ کھلاڑیوں کی بڑی فین فالوونگ ہے، تو اس لیے انہیں پہلے سے ہی احتیاط برتنی چاہیے تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی کوئی کھلاڑی ہوٹل سے باہر نکلتا ہے، جیسے ہم مقامی سیکیورٹی کو آگاہ کرتے ہیں، ویسے ہی کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کرنا چاہیے۔

AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ بھارت میں یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو پیش آیا تھا جب دو خواتین آسٹریلوی کھلاڑی ہوٹل کے قریب موجود ایک کیفے جا رہی تھیں جس کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار انہیں نامناسب انداز میں چھو کر فرار ہوا تھا۔

بعد ازاں سیکیورٹی منیجر کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایم آئی جی تھانے میں مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد ملزم عقیل خان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ بورڈ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سیکورٹی پروٹوکول کا جائزہ لے گا اور انہیں مزید سخت کرے گا تاکہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

accused

indian minister

BJP minister

Kailash Vijayvargiya

victim blaming

Australian cricketers' assault