Aaj News

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرگئی، مزید 4 ارکانِ اسمبلی نے حمایت کردی

مسلم لیگ ن کی حمایت کے بغیر حکومت بناسکتے ہیں، پیپلز پارٹی
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2025 10:13pm
PPP Achieves Simple Majority | Azad Kashmir Government Formation | 27 Members Support Pakistan

آزاد کشمیر میں سیاسی صورتحال فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہے، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرگئی ہے۔ مزید چار ارکان اسمبلی نے پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد تعداد بڑھ کر 27 ہوگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پی پی پی آزاد کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور کی ماجد خان،عاصم بٹ، اکبر ابراہیم، فہیم ربانی سے ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج پاور شو کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی راہ ہموار ہوگئی ہے جس کا فیصلہ آج یا کل متوقع ہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ 30 سے زائد ارکانِ اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حمایت کے بغیر حکومت بناسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فریال تالپور کی جانب سے سندھ ہاؤس اسلام اباد میں آج رات دس بجے ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی، مہاجرین نشستوں اور بیرسٹر سلطان گروپ کے ارکان شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان گروپ نے بھی زرداری ہاؤس میں فریال تالپور کے ساتھ ملاقات میں ووٹ کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

AAJ News Whatsapp

بیرسٹرسلطان گروپ کے پانچ اور مہاجرین نشستوں کے پانچ ارکان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، جبکہ دو ارکان کی حمایت خفیہ رکھی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے مطابق دونوں دھڑوں کی شمولیت کے بعد 30 سے زائد ارکان کا ساتھ حاصل ہے، پیپلز پارٹی آج پاور شو کے ذریعے اپنی عددی برتری ثابت کرے گی۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کو حکومت سازی کے لیے ایک اور رکن کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے فریال تالپور سے ملاقات کر کے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی اور حکومت سازی میں حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دی تھی۔

Pakistan Peoples Party

Azad Kashmir Government

ppp numbers game completed