انسٹاگرام کا وہ نیا ’فیچر‘ جو صارفین کے لیے زبردست سہولت بن گیا
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام نے ریلز ویڈیوز کے شوقین صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد پہلے دیکھی گئی ویڈیوز کو دوبارہ تلاش کرنا آسان بنانا ہے۔
انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق، نئے فیچر کا نام ”واچ ہسٹری“ رکھا گیا ہے جو صارفین کو ان کی دیکھی گئی ریلز ویڈیوز کا ریکارڈ فراہم کرے گا۔
ایڈم موسیری نے بتایا کہ اس فیچر کے ذریعے اب صارفین اُن ویڈیوز کو آسانی سے تلاش کرسکیں گے جنہیں وہ پہلے دیکھ چکے تھے لیکن اس سے قبل دوبارہ تلاش کرنے میں ناکام رہے تھے۔
یہ فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو ریلز ویڈیوز دیکھنے کے شوقین ہیں، اور اکثر دلچسپ ویڈیوز حادثاتی طور پر اسکرول یا ایپ ریفریش ہونے کی وجہ سے کھو دیتے ہیں۔
مذکورہ نئے فیچر کو استعمال کرنا بھی نہایت آسان ہے۔ صارفین سیٹنگز میں جاکر، یور ایکٹیویٹی کے آپشن کے تحت واچ ہسٹری پر کلک کرکے اپنی دیکھی گئی ویڈیوز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

فیچر میں سب سے اوپر حال ہی میں دیکھی گئی ویڈیوز نظر آئیں گی، جبکہ نیچے پرانی ویڈیوز دیکھنے کا آپشن موجود ہوگا۔ اس کے علاوہ صارفین کسی مخصوص تاریخ کا انتخاب کرکے اُس دن کی دیکھی گئی ویڈیوز بھی دیکھ سکیں گے۔
Aaj English


















