Aaj News

سیکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد پر کارروائی کے دوران 25 خوارج ہلاک، 5 جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسپِن وام میں پندرہ خوارج، جن میں چار خودکش بمبار شامل تھے ہلاک کر دیے گئے
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2025 06:38pm

سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام اور ضلع کرم کے علاقے گھاکی میں کارروائی کرتے ہوئے 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کرم اور شمالی وزیرستان میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب خوارج کی دو بڑی دراندازی کی کوششیں ناکام بنا دی ہیں، آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 25 خوارج مارے گئے ہیں جن میں چار خودکش بمبار بھی شامل تھے جبکہ پاک افواج کے پانچ بہادر سپاہی جامِ شہادت نوش کرگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، 24 اور 25 اکتوبر کو خوارج کے دو بڑے گروہوں کی نقل و حرکت اسپِن وام اورگھاِکی کے علاقوں میں دیکھی گئی، یہ گروہ افغانستان کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے انہیں بروقت نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسپِن وام میں پندرہ خوارج، جن میں چار خودکش بمبار شامل تھے ہلاک کیے گئے۔ گھاِکی، کرم میں ہونے والی جھڑپ میں مزید دس دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے پانچ جوان جن میں حوالدار منظور حسین، سپاہی نعمان الیاس کیانی، سپاہی محمد عادل، سپاہی شاہ جہان اور سپاہی علی اصغر شامل تھے۔

AAJ News Whatsapp

آئی ایس پی آر نے کہا کہ جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ خوارج کی یہ دراندازی اس وقت ہوئی جب پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان ترکی میں مذاکرات جاری تھے، جس سے افغان عبوری حکومت کے ارادوں پر سوال اٹھتے ہیں۔

پاکستان مسلسل مطالبہ کرتا آیا ہے کہ کابل انتظامیہ سرحدی نظم و ضبط یقینی بنائے اور اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

سیکیورٹی فورسز ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں اورکسی بھی بھارتی پشت پناہی یافتہ خارجی گروہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، اور سیکیورٹی فورسزملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری ثابت قدمی سے مصروفِ عمل ہیں۔

وزیر اعظم کا پاک فوج کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام اور ضلع کرم کے علاقے گھاکی میں کامیاب آپریشن کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے 25 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پذیرائی کی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے شہید 5 جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمےکے لیے پُرعزم ہیں۔

Kurram district

Inter Services Public Relations (ISPR)

pak army operation

infiltrating khwarij killed