مریم نواز کی سیکیورٹی ٹیم کی اسکریننگ شروع، مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں پر نظر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیکیورٹی ٹیم کے تمام اہلکاروں کی تفصیلی اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حال ہی میں ایک مذہبی جماعت کے خلاف کیے گئے آپریشن کے بعد شروع کی گئی ہے تاکہ وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی سے وابستہ تمام افراد کے پس منظر کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزارتِ داخلہ نے گزشتہ روز ہی دہشتگردی میں ملوث ہونے پر ایک مذہبی جماعت پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ مذکورہ جماعت نے حال ہی میں پنجاب بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسکریننگ کا عمل وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ جاتی عمرہ سے لے کر وزیراعلیٰ آفس تک جاری ہے۔ اس دوران نہ صرف سکیورٹی اہلکاروں بلکہ دیگر عملے کے افراد کی بھی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکریننگ کے دوران اہلکاروں اور اسٹاف کے مذہبی یا سیاسی رجحانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر کسی فرد کا تعلق مذہبی جماعت یا مشکوک گروہ سے پایا گیا تو اسے فوری طور پر وزیراعلیٰ آفس اور جاتی عمرہ کی ڈیوٹی سے ہٹا دیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ اقدام حفاظتی نقطہ نظر سے اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اسکریننگ مکمل ہونے کے بعد ایک جامع رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی۔
Aaj English













